صبح نو آئی ٹی ایف پاکستان جونیئر انٹرنیشنل ٹینس چیمپئن شپ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی ، بوائز سنگلز اور ڈبلز ٹائٹلز اپنے نام کر لیے

صبح نو آئی ٹی ایف پاکستان جونیئر انٹرنیشنل ٹینس چیمپئن شپ (لیگ-II) کامیابی کے ساتھ جمعہ کو پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس اسلام آباد میں اختتام پذیر ہو گئی۔چیمپئن شپ میں 15 ممالک سے تعلق رکھنے والے 22 بوائز اور 19 گرلز کھلاڑیوں نے شرکت کی، جن میں پاکستان، قازقستان، سنگاپور، جاپان، چین، آسٹریلیا، روس، پولینڈ، جنوبی کوریا، سری لنکا، بنگلہ دیش، ملائیشیا، ہانگ کانگ، نیدرلینڈز اور تھائی لینڈ شامل …

اسلام آباد۔17اپریل (اے پی پی):صبح نو آئی ٹی ایف پاکستان جونیئر انٹرنیشنل ٹینس چیمپئن شپ (لیگ-II) کامیابی کے ساتھ جمعہ کو پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس اسلام آباد میں اختتام پذیر ہو گئی۔چیمپئن شپ میں 15 ممالک سے تعلق رکھنے والے 22 بوائز اور 19 گرلز کھلاڑیوں نے شرکت کی، جن میں پاکستان، قازقستان، سنگاپور، جاپان، چین، آسٹریلیا، روس، پولینڈ، جنوبی کوریا، سری لنکا، بنگلہ دیش، ملائیشیا، ہانگ کانگ، نیدرلینڈز اور تھائی لینڈ شامل ہیں۔ ایونٹ میں عالمی معیار کی جونیئر ٹینس دیکھنے کو ملی۔یہ ایونٹ بینک الفلاح، سرینا ہوٹل اسلام آباد، مری انرجیز، عارف حبیب گروپ آف کمپنیز اور سبحِ نو کے تعاون سے منعقد کیا گیا۔بوائز سنگلز فائنل میں پاکستان کے میکائیل علی بیگ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کے گانوکا فرنینڈو کو 6-1، 6-2 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔

بوائز ڈبلز فائنل میں میکائیل علی بیگ نے اپنے ساتھی احتشام کے ہمراہ ایک اور شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے سری لنکا کے گانوکا فرنینڈو اور ہانگ کانگ کے جےڈن پارک کو 6-1، 6-2 سے شکست دے کر ڈبلز ٹائٹل بھی جیت لیا۔گرلز سنگلز فائنل میں چین کی ژییو ژو نے روس کی وراورا روبتسووا کو 6-2، 6-1 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔گرلز ڈبلز فائنل میں روس کی وراورا روبتسووا اورقازقستان کی صافیاء اورازالینا نے چین کی آئی ٹینگ اور ژییو ژو کو ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2-6، 6-1، (10-7) سے شکست دی۔

بریگیڈیئر سلیم ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن مری انرجیز، نے بطور مہمانِ خصوصی تقریب کی رونق بڑھائی۔ شاہدہ کوثر فاروق، چیئرپرسن صبح نو بطورمہمانِ اعزاز تھیں۔ کرنل گل رحمان، ڈائریکٹر C&S پی ٹی ایف، بھی اس موقع پر موجود تھے اور انہوں نے کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ تقریب میں کھلاڑیوں، کوچز، والدین اور ٹینس سے محبت رکھنے والوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ٹریٹ آئی ٹی ایف پاکستان سید دل آور عباس میموریل جونیئر ٹینس چیمپئن شپ J-60 (لیگ-III) کا آغاز20 اپریل 2026 کو اسی مقام پر ہوگا۔