مانسہرہ۔ 25 اکتوبر (اے پی پی):سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے کہا ہے کہ صحافی کسی بھی ریاست کی آنکھ اور کان کی حیثیت رکھتے ہیں، جس ملک میں بھی معیاری صحافت ہو گی اس ملک کو ترقی و خوشحالی کے راہ سے کوئی نہیں ہٹا سکتا۔ وہ خیبر پختونخوا اسمبلی کے کانفرنس روم میں مانسہرہ سے آئے صحافیوں کے وفد سے ملاقات کے دوران بات چیت کر رہے تھے۔
اس موقع پر مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد سیف، سابق وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی، مانسہرہ پریس کلب و ٹی وی جرنلسٹ ایسوسی ایشن کی کابینہ بھی موجود تھی۔ اجلاس میں مانسہرہ پریس کلب کو 50 لاکھ روپے گرانٹ ملنے پر صحافیوں نے سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی اور صوبائی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر بیرسٹر سیف نے کہا کہ گرانٹ کی رقم کو تعمیراتی کاموں پر خرچ کیا جائے خاص کر موجودہ سوشل میڈیا کے دور میں اپنے نوجوان صحافیوں کو جدید آلات لے کر دیں اور ساتھ اس طرز کی ورکشاپس کا انعقاد کیا جائے جس میں سینئر صحافی اپنے نوجوان ساتھیوں کو معیاری صحافت پر آگاہی دیں۔ سابق وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب نے اپنے اپنے حصہ کا کام کر کے اس معاشرہ میں مثبت تبدیلی لانی ہے جس میں سب سے اہم ذمہ داری صحافیوں پر عائد ہوتی ہے کیونکہ آپ کے توسط سے ہی عوام حکومتی و معاشرتی مسائل و معاملات سے باخبر رہتا ہے۔
مانسہرہ پریس کلب کے صدر نے اس موقع پر خطاب میں سپیکر اسمبلی بابر سلیم سواتی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پہلی بار ہمارے پریس کلب کو 5ملین روپے کی گرانٹ ملی جس پر آپ اور صوبائی حکومت کا ہم شکریہ ادا کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ ہماری حکومت صحافیوں کے مسائل کو حل کرنے میں سنجیدہ اقدامات اٹھاتی رہے گی۔ اس دوران پریس کلب مانسہرہ کے صحافیوں نے قرعہ اندازی کا اہتمام کیا جس میں عمرے کے ٹکٹ دیئے گئے۔ اس کے علاوہ سپیکر بابر سلیم سواتی، مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد سیف، سابق وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کے ہاتھوں صحافیوں میں چیک اور لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے۔