اسلام آباد۔12نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے کہا ہے صحت مند ماحول ہر مزدور کا حق ہے جس سے صنعتی ترقی اور پائیداری ممکن ہوتی ہے۔
سہ فریقی لیبر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے محفوظ اور صحت مند کام کی جگہوں کی جانب تاریخی قدم بڑھایا ہے اور اسلام آباد میں 15 سال بعد پہلی قومی سہ فریقی لیبر کانفرنس کا انعقاد وزارت سمندر پار پاکستانیز و انسانی وسائل کی ترقی نے آئی ایل او کے تعاون سے کیا جس میں حکومتی، مزدور اور آجروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
وفاقی وزیر نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محفوظ اور صحت مند ماحول ہر مزدور کا بنیادی حق ہے جس سے صنعتی ترقی اور پائیداری ممکن ہوتی ہے۔ انہوں نے مزدوروں کی صحت و حفاظت اور سماجی مکالمے کی اہمیت پر زور دیا اور حکومت کی جانب سے میری ٹائم لیبر کنونشن اور دیگر آئی ایل او کنونشنز کی منظوری کا اعلان کیا جس سے حکومت کے مزدوروں کی فلاح و بہبود کے عزم کا اظہار ہوتا ہے۔
اس کانفرنس کا مقصد خاص طور پر ایسے شعبوں میں حفاظتی کلچر کو فروغ دینا ہے جہاں حادثات کے امکانات زیادہ ہیں، جیسے کان کنی ،تعمیرات، زراعت اور مینوفیکچرنگ تاکہ مزدوروں کی حفاظت کو مزید یقینی بنایا جا سکے۔