صحت کے شعبے کیلئے ترقیاتی مد میں6ارب اورغیرترقیاتی مد میں90ارب روپے مختص کئے گئے ،صوبائی وزیر خزانہ

صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے کہاہے کہ صحت کی سہولیات میں بہتری صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے ،ہیلتھ کارڈ ،پی پی ایچ آئی، ادویات،ٹراما سینٹر،شیخ زید النہان ہسپتال اور نیوٹریشن کیلئے7.7ارب روپے مختص کئے گئے ہیں

کوئٹہ۔ 17 جون (اے پی پی):صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے کہاہے کہ صحت کی سہولیات میں بہتری صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے ،ہیلتھ کارڈ ،پی پی ایچ آئی، ادویات،ٹراما سینٹر،شیخ زید النہان ہسپتال اور نیوٹریشن کیلئے7.7ارب روپے مختص کئے گئے ہیں ۔بدھ کو بلوچستان اسمبلی میں نئے مالی سال 2026-27ء کا بجٹ پیش کرتے ہوئے صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے کہاکہ صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔صحت کا بہتر نظام لوگوں کے معیارِزندگی اور معاشی ترقی میں معاون ثابت ہوتا ہے۔ مختلف بیماریوں کی روک تھام ، علاج معالجہ اور فروغِ صحت کے حوالے سے اِقدامات کرنا، پبلک سیکٹر میں اِنتہائی اہمیت کی حامل ہے اِسی لیے شعبہء صحت ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔کو ئٹہ میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے نیو ٹراما سنٹر کے اخراجات کے لئے 1.3 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ بلوچستان ہیلتھ کارڈکے لیے گرانٹ4.5 ارب سے بڑھا کر6.0 ارب روپے کر دی گئی ہے۔آئندہ مالی سال2026-27 کے دوران پی پی ایچ آئی کی گرانٹ 7.6ارب سے بڑھاکر8.8 ارب روپے کر دی گئی ہے۔

ادویات کی مد میں گرانٹ 6.9ارب سے بڑھا کر 8.5ارب روپے کر کے 23 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ضلع کیچ میں تھیلیسمیا سنٹر کے قیام کے لیے 10ملین روپے اسی طرح گوادر میں تھیلیسمیا سینٹر کے لئے بھی 9ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔ شیخ زید بِن النعیا ن انسیٹیوٹ آف کارڈیولوجی کی موجودہ گرانٹ 2.2بلین سے بڑھا کر2.8 بلین کی گئی ہے۔پی جیز اوراورایچ اوز کے لیے 1.1بلین روپے مختص کئے گئے ہیں۔ضلع مستونگ کے نواب غوث بخش رئیسانی میمو ریل ہسپتال کے گرانٹ کو 400ملین سے بڑھا کر 735ملین روپے کیا گیا ہے۔ برن یونٹ کوئٹہ کے لئے 400ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔پرنس فہد ہسپتال دالبندین کے لیے 400ملین روپے محتص کئے ہیں۔ پسنیکے پاک عمان ہسپتال میں عوام کو طبی سہولیات کی بہتر فراہمی کے لیے گرانٹ 200ملین سے بڑھا 279 ملین روپے کر دی گئی ہے۔ بلوچستان نیوٹریشن پروگرام کے لئے1.5 بلین روپے مختص کئے گئے ہیں۔جوغذائی قلت کو ختم کرنے کا ایک جامع پروگرام ہے۔ آئندہ مالی سال2026-27 میں محکمہ صحت کے لئے500 نئی آسامیاں تخلیق کی گئی ہیں۔ مجموعی طور پر مالی سال2026-27 میں محکمہ صحت کے ترقیاتی بجٹ کی مد میں6 ارب اور غیر ترقیاتی بجٹ بغیر اثاثہ جات کے 90ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔