اقوام متحدہ ۔ 20 ستمبر (اے پی پی) صدرآزاد کشمیر سردار مسعود خان نے اسلامی ممالک کی تنظیم کے مقبوضہ کشمیر پر رابطہ گروپ سے کہا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت، پیلٹ گنز کے استعمال کی ایک بار پھر مذمت کرتے ہوئے بھارت سے کہے کہ وہ آرمڈ فورسز سپیشل پاور ایکٹ سمیت کالے قوانین ختم کرے، اقوام متحدہ محصور کشمیریوں کو ریلیف کی فراہمی کیلئے انسانیت کی بنیاد پر راہداری تلاش کرے، او آئی سی کے سیکرٹری جنرل مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کی شدت سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے صدر کو آگاہ کریں۔ وہ گزشتہ روز یہاں او آئی سی رابطہ گروپ سے خطاب کر رہے تھے۔ صدرآزاد کشمیر نے کہا کہ رواں سال 8 جولائی کو کشمیری نوجوان رہنما برہان وانی کی شہادت کے بعد سینکڑوں کشمیری مرد و خواتین اور بچوں کو شہید کیا گیا ہے، پیلٹ گنز کے استعمال سے 150 سے زائد شہری نابینا ہو گئے ہیں، دس ہزار سے زائد کشمیری بھارتی قابض فوج کی بلاتفریق فائرنگ کی وجہ سے زخمی ہیں، مقبوضہ کشمیر میں کشمیری اس وقت محصور ہیں، ان کی اپنی سرزمین پر ان پر عرصہ حیات تنگ کر دیا گیا ہے