صدرآصف علی زرداری کی بحرین کے قومی دن کے موقع پر شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ، بحرینی حکومت اور عوام کو مبارکباد

اسلام آباد۔16دسمبر (اے پی پی):صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے مملکتِ بحرین کے قومی دن کے موقع پر شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ، بحرینی حکومت اور برادر بحرینی عوام کو دلی مبارکباد دی ہے۔ پیر کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری مملکتِ بحرین کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کو بحرین …

اسلام آباد۔16دسمبر (اے پی پی):صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے مملکتِ بحرین کے قومی دن کے موقع پر شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ، بحرینی حکومت اور برادر بحرینی عوام کو دلی مبارکباد دی ہے۔

پیر کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری مملکتِ بحرین کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کو بحرین کے ساتھ اپنے مضبوط اور مستحکم تعلقات پر فخر ہے، ہمارے تعلقات باہمی احترام، مشترکہ ثقافتی روابط اور کئی دہائیوں پر محیط اخوت کے جذبے پر قائم ہیں، ہم مختلف شعبوں میں اپنے تعاون اور علاقائی و بین الاقوامی فورمز پر قریبی ہم آہنگی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان باہمی روابط، باقاعدہ رابطوں اور عوام سے عوام کی سطح پر روابط کو مزید فروغ دے کر ان تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے پُرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی برادری جو بحرین میں مقیم بڑی غیر ملکی کمیونٹیز میں سے ایک ہے، ہمارے دونوں ممالک کے درمیان ایک اہم معاشی شراکت دار اور ثقافتی پل کے طور پر اپنا مؤثر کردار ادا کرتی رہی ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ اس اہم دن کے موقع پر ہم بحرین کی مسلسل ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لئے اپنی مخلصانہ نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دونوں ممالک کی شراکت داری کو مزید آگے بڑھانے اور اپنے عوام کے امن و فلاح کے لئے باہمی تعاون کے ساتھ کام کرنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔