دوحہ۔ 23 اکتوبر (اے پی پی) صدرمملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ قبائلی علاقوں، کراچی اور بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے، نیشنل ایکشن پلان کی وجہ سے دہشت گردی اور انتہاپسندی میں نمایاں کمی آئی ہے، حکومت ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمہ تک آپریشن ضرب عضب جاری رکھنے کا عزم کرتی ہے‘ سی پیک پورے پاکستان کیلئے ہے اور اس سے پورے ملک کے عوام یکساں مفید ہوں گے‘ آئندہ ایک ڈیڑھ سال میں دس ہزار میگاواٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل ہوگی، 2018 ءمیں ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوگا۔ وہ قطر میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے ساڑھے تین سالہ دور اقتدار میں معیشت کے استحکام، دہشت گردی کے خلاف کارروائی اورتوانائی بحران سے نمٹنے کیلئے حکومت کی سمت اور ترجیحات درست ہیں اور ماضی کے کئی سالوں کے مقابلہ میں بہتر ہیں، ساڑھے تین سال قبل پاکستان کو انتہاپسندی، توانائی بحران، معاشی تنزلی جیسے چیلنجوں کا سامنا تھا جوکہ نہ صرف عالمی برادری بلکہ ہمارے ملک کے عوام کیلئے بھی باعث تشویش تھا جو ملک کے مستقبل کے بارے میں سوال اٹھا رہے تھے تاہم میں آپ کو ایک اچھی خبر دے رہا ہوں درست سمت گامزن ہونے کی وجہ سے نمایاں تبدیلی دیکھنے میں آ رہی ہے آج اللہ کے فضل و کرم سے صورتحال بہتر ہے۔