صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی کا لکی مروت میں پولیس وین پر دہشت گرد حملے کی مذمت ، قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

اسلام آباد۔16نومبر (اے پی پی):صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے لکی مروت میں پولیس وین پر دہشت گرد حملے کی مذمت اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی بزدلانہ کارروائیاں دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔

بدھ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے دہشت گردی کے واقعے میں قیمتی جانی نقصان پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ۔

صدرمملکت نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں قوم اپنے شہداء پر فخر کرتی ہے ،انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی

،ایسی بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں ،صدر مملکت نے پولیس کے شہداء کو خراج ِ تحسین ، لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا۔انہوں نے شہداء کیلئے بلندی درجات ، ورثاء کیلئے صبر جمیل کی دعاکی۔