کراچی ۔ 9 جون (اے پی پی) صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کراچی میں پانی کی قلت کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے روزانہ گیارہ سو سے 1400 ملین گیلن کھارے پانی کو میٹھا کرنے کی صلاحیت کے حامل پلانٹ کی تنصیب قابل عمل حل ہے۔ اتوار کو یہاں اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ تمام نظام کو بدلنے کے لئے مزید قابل عمل اور مزید موئثر ٹیرف کے طریقہ کار کی ضرورت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ محصولات اکٹھے کرنے پر توجہ دینے کے ساتھ ساتھ مساوی سرمایہ کاری کی بھی ضرورت ہے تاکہ شہریوں کو درکار آبی ضروریات کو با آسانی پورا کرنےکے ساتھ ساتھ ان کی استطاعت کے مطابق پانی کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جا سکے۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پانی کے ضیاع کو فوری روکنے کی اشد ضرورت ہے جو پانی کی قلت کی ایک بڑی وجہ ہے اوریہ مسئلہ گزشتہ کئی برسوں سے درپیش ہے۔ یہ بات یہاں قابل ذکر ہے کہ کراچی کی موجودہ رجسٹرڈآبادی 22 ملین ہے جو سالانہ 3 فیصد کے شرح سے بڑھ رہی ہے جس کا براہ راست اثرعوام کو شہری سہولیات کی فراہمی پر پڑتا ہے۔ صدر نے توقع ظاہر کی کہ عملی اقدامات سے اس سے بڑے چیلنجز پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اس حوالے سے زمینی حقائق سے بخوبی آگاہ ہے اور تمام متعلقہ فریقین کے ساتھ روابط کے ذریعے مسائل حل کرنے کیلئے کوشاں ہے۔