صدر آئی سی سی آئی احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں وفد کی پاکستان میں تعینات سوئٹزرلینڈ کے سفیر سے ملاقات

128
Chamber of Commerce

اسلام آباد۔27جولائی (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے ایک وفد کی قیادت میں پاکستان میں تعینات سوئٹزرلینڈ کے سفیر جارج سٹینر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور پاکستان و سوئٹزرلینڈ کے باہمی تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید بہتر کرنے کے امور پر ان کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ سوئٹزرلینڈ سفارتخانے کے کمرشل ایڈوائزر اجوت ارسلان خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وفد سے خطاب کرتے ہوئے سوئٹزرلینڈ کے سفیر نے کہا کہ بہت سی سوئس کمپنیاں پہلے ہی پاکستان میں کامیاب کاروبار کر رہی ہیں جبکہ مزید سوئس کمپنیاں پاکستان میں کاروبار و سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہیں کیونکہ پاکستان ان کیلئے ایک پرکشش مارکیٹ ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کا سفارتخانہ پاکستان میں سوئس کمپنیوں کی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے اپنا کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی تاجر سوئٹزرلینڈ کے بر ینڈز کو اگر پاکستان میں فروغ دینا چاہتے ہیں تو وہ اس سلسلے میں ان کو متعلقہ کمپنیوں کے ساتھ ملانے میں تعاون کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سوئٹزرلینڈ پاکستان کے ساتھ مضبوط کاروباری تعلقات چاہتا ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان براہ راست روابط قائم کئے جائیں تا کہ وہ مشترکہ تعاون کے نئے مواقع تلاش کر سکیں۔انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کو مزید بڑھانے کے لیے بہتر کوششوں کی ضرورت پر زور دیا کیونکہ دونوں ممالک متعدد شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تجارت کرنے کی عمدہ صلاحیت رکھتے ہیں۔

اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ سوئٹزرلینڈ دنیا میں سیاحت کے شعبے میں بہت آگے ہے لہذا وہ سیاحت کی صنعت کو بہتر فروغ دینے میں پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کرے جس سے ہماری معیشت بہتر ہو گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس دنیا کی بلند ترین چوٹیاں اور دیگر پرکشش سیاحتی مقامات پائے جاتے ہیں لہذا سوئٹزرلینڈ اگر پاکستان میں سیاحت کا جدید انفراسٹریچکر تعمیر کرنے میں تعاون کرے تو پاکستان دنیا بھر کے سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیمبر نے گذشتہ دنوں سکردو میں ایک کامیاب ٹوارزم کانفرنس منعقد کی جس میں بہت سے غیر ملکی سفراء نے بھی شرکت کی اور چیمبرآئندہ بھی ایسی کوششیں جاری رکھے گا تا کہ ہماری سیاحت بہتر ہو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان دوطرفہ تجارت کا موجودہ حجم ان کی اصل صلاحیت سے مطابقت نہیں رکھتا اور اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک تجارتی وفود کا باقاعدگی کے ساتھ تبادلہ کر کے باہمی تعاون کے نئے مواقع تلاش کریں۔ چیمبر کے نائب صدر انجینئر اظہر الاسلام ظفر نے کہا کہ سوئٹزرلینڈ کے ساتھ قریبی تعاون پاکستان کوجنوبی وسطی یورپ کی متعدد مارکیٹوں تک آسان رسائی فراہم کرنے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سوئٹزرلینڈ نے کئی شعبوں میں دو طرفہ معاہدے کیے ہوئے ہیں جن سے فائدہ اٹھا کر دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید بہترکیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے چیمبرز آف کامرس کے درمیان بہتر روابط قائم کر کے باہمی تجارت و برآمدات میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

چیمبر کے سابق صدر اور یو بی جی کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سوئس ایئر اور یورپ کی دیگر ایئرلائینوں کو پاکستان کے ساتھ براہ راست پروازیں شروع کرنے کیلئے تعاون کیا جائے جس سے پاکستان کے سوئٹزرلینڈ سمیت دیگر یورپی ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات مضبوط ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئی سی سی آئی اپنی ایک ایئرلائن شروع کرنے پر غور کر رہا ہے تا کہ پاکستان کے دن کے اہم ممالک کے ساتھ براہ راست فزائی روابط قائم کر کے تجارتی تعلقات کو بہتر فروغ دیا جائے۔