اسلام آباد ۔ 12 اگست (اے پی پی) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ پونچھ غازیوں اور شہیدوں کی سر زمین ہے، یہاں کے لوگوں نے تحریک آزادی کشمیر کے لئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں ۔ بھارت کنٹرول لائن پر آئے روز بلا اشتعال فائرنگ کرتا ہے اور کنٹرول لائن کے اس پار بسنے والے شہریوں کو اپنی گولہ باری کا نشانہ بناتا ہے، نہتے اور معصوم لوگوں کا جانی و مالی نقصان کرتا ہے، لیکن ان لوگوں کے حوصلے بلند ہیں اور یہ لوگ پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ، بڑی جوانمردی اور بہادری سے دشمن کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے تتہ پانی کے مقام پر ایک عظیم الشان عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر نے کہا کہ وہ متاثریں کنٹرول لائن کی ہر ممکن مدد کریں گے ان کے نقصانات کا اژالہ کیا جائے گا۔ آرٹیکل 35-Aکی منسوخی ، جنیوا کنونشن ، اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی عدالت انصاف کے فیصلوں کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ تتہ پانی کے لوگوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ صدر نے کہا کہ آزادکشمیر کا یہ خطہ ہمارے بزرگوں نے بے پناہ قربانیاں دے کر آزاد کروایا۔ لیکن آج مقبوضہ کشمیر کے ہمارے بہن بھائی ہندوستانی جارحیت کا شکار ہیں ۔ ہندوستانی افواج نے وہاں ظلم و ستم کا بازار گرم کر رکھا ہے ۔