اسلام آباد ۔ 18 جنوری (اے پی پی) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں تعمیر و ترقی، سیاحت کا فروغ، تعلیمی نظام کی بہتری اور تعلیمی انفراسٹرکچر کو مستحکم بنانا اور لوگوں کو صاف پانی کی سہولیات مہیا کرنا موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع پونچھ حلقہ نمبر 4 کے عوامی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وفد کی قیادت مسلم لیگ (ن) حلقہ 4کے صدر سردار عاشق حسین کر رہے تھے۔ وفد میں سابق چیئرمین یونین کونسل ریاڑہ سردار جہانگیر خان ، حلقہ 4 پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری سردار شاہد لطیف، سردار توصیف خان، سردار وسیم عاشق، سردار عبد الجبار، سردار نصیر جنت شامل تھے۔ صدر آزاد کشمیر نے وفد کو بتایا کہ انہوں نے آزاد کشمیر میں سیاحتی راہداری کو مزید فروغ دینے کےلئے تھوراڑ، لاگریاٹ، بیٹری، کھیریاں، داتوٹ کو بھی شامل کئے جانے کی ہدایات دی ہیں، اسی طرح ناگشیر، مرشد آباد، نیریاں، تراڑ کھل کو بھی ٹورازم کوریڈور میں شامل کیا گیا ہے۔