صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان کی آزادکشمیر ایسوسی ایشن آف بلائنڈز کے وفد سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 28 دسمبر (اے پی پی)آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ خصوصی افراد کی فلاح وبہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے، آزادکشمیر کے سرکاری شعبہ میں قائم جامعات میں معذور افراد کے تعلیمی کوٹہ اور سرکاری شعبہ میں ملازمتوں کے مختص کوٹہ پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ یہ بات انہوں نے آزادکشمیر ایسوسی ایشن آف بلائنڈز …

اسلام آباد ۔ 28 دسمبر (اے پی پی)آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ خصوصی افراد کی فلاح وبہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے، آزادکشمیر کے سرکاری شعبہ میں قائم جامعات میں معذور افراد کے تعلیمی کوٹہ اور سرکاری شعبہ میں ملازمتوں کے مختص کوٹہ پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ یہ بات انہوں نے آزادکشمیر ایسوسی ایشن آف بلائنڈز کے صدر پروفیسر محمد الیاس ایوب کی قیادت میں ایک چار رکنی وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ صدر آزادکشمیر نے بلائنڈ ایسوسی ایشن کے صدر پروفیسر محمد ایوب اور ان کی ٹیم کی ان مخلصانہ کوششوں کی تحسین کی جو وہ میر پور میں آزادکشمیر بھرکے بصارت سے محروم بچوں کی تعلیم کے لئے جدید سہولتوں سے آراستہ ایک تعلیمی ادارہ قائم کر کے کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عقاب سکول اپنی نوعیت کا واحد ادارہ ہے جو ریاست میں بصارت سے محروم طلبہ کی تعلیمی ضروریات کو پوری کرنے کے لئے جامع اور مثبت کوششیں کر رہا ہے جس کے لئے اس ادارہ کی انتظامیہ مبارکباد کی مستحق ہے۔ قبل ازیں بلائنڈ ایسوسی ایشن کے صدر پروفیسر محمد ایوب نے صدر آزادکشمیر کو بتایا کہ عقاب سکول 2000ءمیں میرپور سے تعلق رکھنے والی برطانوی کمیونٹی کے تعاون سے قائم کیا گیا تھا جس میں اس وقت ایک سو پچاس سے زیادہ طلبہ کو جدید تعلیم کی تمام سہولتیں بلا معاوضہ مہیا کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عقاب سکول میں زیر تعلیم طلبہ کو رہائش، کھانا، کتابیں اور دیگر تعلیمی ضروریات ایک چھت کے نیچے بلا معاوضہ مہیا کی جاتی ہیں۔ پروفیسر الیاس نے صدر ریاست سے مطالبہ کیا کہ آزادکشمیر کے سرکاری شعبہ میں قائم جامعات میں داخلہ کے خواہشمند بصارت سے محروم طلبہ کے لئے فیس معاف کی جائے تاکہ ان طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کی ترغیب ملے جبکہ سرکاری ملازمتوں میں خصوصی افراد کے لئے مختص کوٹہ پر عملدرآمد کو اس کے روح کے مطابق یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے خصوصی افرادکے لئے قائم اداروں میں ستر فیصد ملازمتیںخصوصی افراد کو اور تیس فیصد نارمل افراد کو دینے کا بھی مطالبہ کیا۔ بلائنڈ ایسوسی ایشن کے صدر نے خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے لئے ایک جامع پالیسی بنانے کی درخواست بھی کی۔ صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان نے کہا کہ خصوصی افراد کے تمام جائز مطالبات اور ذہنی تحفظات کو ترجیحی بنیاد پر حل کرنے کی کوشش کی جائے گی اور اس سلسلہ میں تمام متعلقہ سرکاری اداروں سے مل کر کوششیں کی جائیں گی اور اس ضمن میں ایوان صدر اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔ آزادکشمیر کی سرکاری جامعات میں خصوصی افراد کی تعلیم کے حوالے سے مسائل کے حل کے لئے متعلقہ جامعات کی باضابطہ منظوری حاصل کی جائے گی۔ اس موقع پر بلائنڈ ایسوسی ایشن کے صدر نے صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان کو عقاب سکول کے دورہ کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی۔

مزید خبریں