اسلام آباد۔3اگست (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری سے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے ایوانِ صدر میں ملاقات کی ،ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اتوار کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کا ایوانِ صدر میں پُرتپاک …
صدر آصف علی زرداری اورایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کی ملاقات،علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال،مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ
اسلام آباد۔3اگست (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری سے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے ایوانِ صدر میں ملاقات کی ،ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
اتوار کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کا ایوانِ صدر میں پُرتپاک خیرمقدم کیا،ملاقات میں صدر آصف زرداری اور ایرانی صدر نے پاکستان اور ایران کے درمیان دو طرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا ،دونوں رہنمائوں نے وسیع البنیاد اور باہمی فائدہ مند شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا،دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
صدر آصف علی زرداری نے کہاکہ پاکستان اور ایران کے برادرانہ تعلقات مشترکہ مذہب، ثقافت اور باہمی احترام پر مبنی ہیں۔صدر آصف علی زرداری نے علاقائی معاملات پر ایران کے اصولی مؤقف کو سراہتے ہوئے کہاکہ خطے میں تعاون کے لیے تہران کی مستقل حمایت پر اظہار تشکر کیا ۔صدر مملکت نے مشکل وقتوں میں ایران کی یکجہتی پر شکریہ ادا کیا ۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور ایران خطے کے پُرامن اور خوشحال مستقبل کے لیے مل کر کام جاری رکھیں گے۔صدر آصف علی زرداری نے رہبرِ معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای کا جموں وکشمیر پر بھارتی غیر قانونی قبضے کے خلاف عوام کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا ۔
صدر آصف علی زرداری نے ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی سخت مذمت کی ۔انہوں نے جنگ کے دوران ایرانی قوم کی جرات اور اتحاد کو خراجِ تحسین پیش کیا ۔صدر آصف علی زرداری نے امید ظاہر کی کہ صدر پزشکیان کا دورہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا ۔صدر مسعود پزشکیان نے اسرائیل کے ساتھ جنگ کے دوران پاکستان کی قیادت اور عوام کی حمایت پر شکریہ ادا کیا ۔
صدر پزشکیان نے کہا کہ پاکستان نے کشیدگی میں کمی اور تنازعات کے پُرامن حل کے لیے تعمیری کردار ادا کیا،دونوں رہنمائوں نے تنازعات کو بڑھنے سے روکنے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مربوط سفارتی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا









