صدر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ڈاکٹر ھذال حمود العتیبی کی چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد سے ملاقات

اسلام آباد۔2اگست (اے پی پی):صدر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ڈاکٹر ھذال حمود العتیبی نے چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد سے ملاقات کی اور انہیں عہدے کا چارج سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور بشمول معیاری تعلیم کے فروغ اور معاشرے کی تعمیر میں یونیورسٹیوں کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں جامعہ کے نائب صدر انتظامی و مالیاتی امور ڈاکٹر این بی جمانی نے بھی شرکت کی۔

ڈاکٹر ھذال حمود نے ڈاکٹر مختار کو یونیورسٹی کے وژن، مستقبل کے منصوبوں اور تعلیمی معیار کی بہتری کے لئے حکمت عملی سے آگاہ کیا۔ یونیورسٹی کے صدر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ تعلیمی شعبے میں بہتری کے لئے چیئرمین ایچ ای سی کے وژن کی روشنی میں جملہ اقدامات میں تعاون کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ صدر جامعہ نے کہا کہ یونیورسٹی دنیا بھر کی جامعات کے ساتھ تعلقات کو بڑھانے کے لئے کوشاں رہے گی۔

ڈاکٹر ھذال نے یہ بھی بتایا کہ جامعہ کی ترقی کے لئے تیار کئے گئے پلان کے ابتدائی مرحلے کے بعد یونیورسٹی اب کامیابی کے نئے سفر کے لئے تیار ہے کیونکہ اس نے اپنا نیا سٹریٹجک پلان مکمل کر لیا ہے جو انہوں نے چیئرمین ایچ ای سی کو بھی پیش کیا۔ یونیورسٹی کے صدر نے ڈاکٹر مختار کو یونیورسٹی کے ڈیجیٹلائزیشن کے وژن اور اوپن اینڈ ڈسٹنس لرننگ سسٹم کے کامیاب آغاز کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

اس موقع پر چیئرمین ایچ ای سی نے کہا کہ انہیں اسلامی یونیورسٹی کے وژن اور قد کا ادراک ہے اور وہ جامعہ کے اہم کردار کے معترف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلامی یونیورسٹی میں یہ صلاحیت ہے کہ وہ خود کو دنیا کے بہترین تعلیمی اداروں میں لا کھڑا کرے۔ انہوں نے خواہش ظاہرکی کہ اسلامی یونیورسٹیوں کی لیگ کو او آئی سی کے وژن کی روشنی میں کنسورشیم کی تشکیل کے لئے اجتماع کا انعقاد کرنا چاہئے اور اسلامی یونیورسٹی کو اس کنسورشیم کے مرکز کے طور پر کام کرنا چاہئے۔

انہوں نے خادمین حرمین شریفین اور سعودی عرب کی امام محمد ابن سعود یونیورسٹی کے اسلامی یونیورسٹی کے ساتھ جاری تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب پاکستانیوں کے دلوں میں ایک خاص مقام رکھتا ہے۔

یونیورسٹی کے صدر کے وژن اور مستقبل کے منصوبوں کو سراہتے ہوئے ڈاکٹر مختار نے کہا کہ انہیں یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ یونیورسٹی ایک محنتی صدر کی قیادت میں درست سمت کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے زیادہ سے زیادہ تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ایچ ای سی کا کردار تمام یونیورسٹیوں کو تعاون فراہم کرنے والے ادارے کا ہوگا اور مثبت اقدامات کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔