صدر عارف علوی کی انڈونیشین صدر سے انڈونیشیا میں پاکستانی سرمایہ کار کے معاملے پر جلد پیش رفت کیلئے ذاتی توجہ دینے کی درخواست

159
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

اسلام آباد۔17مارچ (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انڈونیشیا کے صدر اور عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے انڈونیشیا میں پاکستانی سرمایہ کار کے معاملے پر جلد پیش رفت کیلئے انڈونیشیا کے صدر کی ذاتی توجہ کی درخواست کی ہے ۔

ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انڈونیشیا کے صدر کے نام خط ارسال کیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور انڈونیشیا قریبی دوست، اسلامی تعاون تنظیم کے تناظر میں دوطرفہ شراکت دار ہیں ،دونوں برادر ممالک نے معاشی و تجارتی تعلقات بڑھانے ، تاجروں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے کوششیں کی ہے ۔

صدر مملکت نے انڈونیشیا کے صدر سےانڈونیشیا میں پاکستانی سرمایہ کار ، ملک محمد آصف ، کو کاروباری معاملات میں مشکلات پیش آنے پر مدد فراہم کرنے کا کہا۔خط میں کہا گیا کہ ملک محمد آصف انڈونیشیا کے حکام کو پاکستانی سفارت خانے کے ذریعے اپنی شکایت جمع کرا چکے تاہم معاملہ ابھی حل طلب ہے ۔قبل ازیں ، ملک محمد آصف نے صدر مملکت سے انڈونیشیا کے صدر کی توجہ دلانے اور منصفانہ بنیادوں پر معاملہ حل کرانے کیلئے درخواست کی تھی۔