صدر مملکت آصف علی زرداری سے ایران کے سفیر کی ملاقات

President Asif Ali Zardari
President Asif Ali Zardari

اسلام آباد۔29مارچ (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان اور ایران کے باہمی فائدے کے لئے بارٹر تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ اقتصادی تعاون کو وسعت دینے کی وسیع گنجائش موجود ہے۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار پاکستان میں ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعہ کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔

صدر مملکت نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کو درپیش مشترکہ چیلنجوں پر قابو پانے کے لئے مل کر کام کرنے پر زور دیا۔ ایرانی سفیر نے صدر مملکت کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان دونوں کے درمیان تاریخی، مذہبی اور ثقافتی رشتے ہیں جو وقت کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارتی حجم، بینکنگ تعاون اور فضائی اور کاروباری روابط بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ سفیر نے مزید کہا کہ پاکستان چاہ بہار-زاہدان ریل روڈ سے وسطی ایشیا، یورپ اور ترکی کے ساتھ تجارت کے لئے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ صدر آصف علی زرداری کی قیادت میں پاک ایران تعلقات کو نئی تحریک ملے گی۔ انہوں نے ایرانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کی جانب سے صدر پاکستان کے لئے تہنیتی پیغام بھی پہنچایا۔