اسلام آباد۔17جون (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے منگل کو یہاں ملاقات کی۔ ایوا ن صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی اور معاشی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال، وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا بھی موجود تھے۔
وزیر اعظم نے صدر مملکت کو اپنے حالیہ سرکاری دورہ متحدہ عرب امارات اور وفاقی بجٹ کے حوالے سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ وفاقی بجٹ میں عام آدمی خصوصاً محنت کشوں اور کم آمدنی والے طبقات کی فلاح و بہبود کو ترجیح دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں تنخواہ دار، پینشنرز، مزدور اور پسماندہ طبقات کے مسائل کے حل کے لیے موثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے، غریب اور کمزورطبقات کی معاونت کے لیے سماجی تحفظ کی سکیموں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔