اسلام آباد۔19جون (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری سے سینیٹ میں پاکستان پیپلز پارٹی کی پارلیمانی لیڈر سینیٹر شیری رحمان نے یہاں ایوانِ صدر میں ملاقات کی۔ جمعرات کو ایوان صدرکے پریس وِنگ سے جاری بیان کے مطابق صدرِ مملکت نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کوآلیشن جوائنٹ کمیٹی کی فعال سفارتی کوششوں کو سراہا اور عالمی سطح پر پاکستان کے مئوقف کو مئوثراندازمیں پیش کرنے پر ٹیم کی کاوشوں کی تعریف کی۔
ملاقات کے دوران جاری بجٹ اجلاس سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سینیٹر شیری رحمان نے صدرِ مملکت کو سینیٹ میں بجٹ پر ہونے والی بحث اور قانون سازی کے عمل میں پیپلز پارٹی کے مئوثر کردار سے آگاہ کیا۔ انہوں نے صدرِ مملکت کو حالیہ بھارت۔پاکستان بحران کے دوران کوآلیشن جوائنٹ کمیٹی کی جانب سے کی گئی سفارتی کاوشوں سے بھی آگاہ کیا۔
سینیٹر شیری رحمان نے صدرِ مملکت کو بتایا کہ کمیٹی نے پاکستان کا امن پسند اور ذمہ دارانہ اسٹریٹجک مئوقف عالمی برادری کے سامنے پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے مو قف کے حق میں حمایت حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ سینٹر شیری رحمان نے کہا کہ کمیٹی اور اس کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری پر مکمل اعتماد اور بھرپور حمایت پر صدرِ مملکت اور وزیرِاعظم کا شکریہ ادا کر تے ہیں۔