صدر مملکت آصف علی زرداری کی مصر کی قیادت کو قومی دن پر مبارکباد
صدر مملکت آصف علی زرداری کی مصر کی قیادت کو قومی دن پر مبارکباد

مزید خبریں
اسلام آباد۔23جولائی (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی اور مصر کے برادر عوام کو قومی دن پر مبارکباد دی ہے۔
جمعرات کو اپنے تہنیتی پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور مصر کے درمیان باہمی احترام، مشترکہ اقدار اور اعتماد پر مبنی دیرینہ اور خوشگوار دوستانہ تعلقات قائم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے دوطرفہ شراکت داری سمیت کثیر الجہتی فورمز پر تعاون اور افہام و تفہیم کی روایت کو برقرار رکھا ہے، تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، ثقافت، دفاع اور عوامی سطح پر روابط سمیت متنوع شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان بڑھتا ہوا تعاون انتہائی حوصلہ افزا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مصر کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور دونوں ممالک کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے اس شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
صدر مملکت نے حالیہ علاقائی تنازع کے حل کے لیے دونوں ممالک کی قیادت کی فعال رابطہ کاری کو سراہتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان اور مصر کے درمیان دوستی کا رشتہ آنے والے برسوں میں علاقائی ہم آہنگی اور وسیع تر اقتصادی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرتے ہوئے مضبوط تر ہوگا۔








