صدر مملکت آصف علی زرداری کرغزستان کے صدر صادر ژپاروف کی دعوت پر 6 سے 9 جولائی 2026 تک اعلیٰ سطحی وفد کی قیادت کرتے ہوئے جمہوریہ کرغزستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری 6 سے 9 جولائی تک کرغزستان کا سرکاری دورہ کریں گے

مزید خبریں
اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری کرغزستان کے صدر صادر ژپاروف کی دعوت پر 6 سے 9 جولائی 2026 تک اعلیٰ سطحی وفد کی قیادت کرتے ہوئے جمہوریہ کرغزستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔پیر کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ 21 برسوں میں یہ کسی پاکستانی صدر کا کرغزستان کا پہلا دورہ ہوگا، جو دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات میں ایک تاریخی سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہ دورہ دسمبر 2025 میں صدر صادر ژپاروف کے پاکستان کے کامیاب دورے کے تسلسل میں ہو رہا ہے اور دونوں برادر ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط کے مسلسل فروغ کی عکاسی کرتا ہے۔دورے کے دوران صدرِ مملکت کی صدر صادر ژپاروف سے ون آن ون ملاقات اور وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے۔
دونوں رہنما پاکستان اور کرغزستان کے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیں گے اور باہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلۂ خیال کریں گے۔ مذاکرات میں تجارت و سرمایہ کاری، توانائی، کان کنی، زراعت، ٹیکسٹائل، حلال صنعت، صحت اور دواسازی، ڈیجیٹل معیشت، تعلیم، سیاحت اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔اپنے دورے کے دوران صدرِ مملکت کرغز پارلیمنٹ کے اسپیکر سے بھی خیرسگالی ملاقات کریں گے۔پاکستان اور جمہوریہ کرغزستان کے درمیان تعلقات گرمجوشی اور برادرانہ تعاون پر مبنی ہیں جن کی بنیاد مشترکہ تاریخ، مذہب، ثقافت اور وسطی و جنوبی ایشیا میں امن، علاقائی روابط اور مشترکہ خوشحالی کے یکساں عزم پر استوار ہے۔








