سیالکوٹ، اسسٹنٹ کمشنر پسرور کا اُدھوفتح میں نالہ ڈیگ کے بریچ پوائنٹ کا دورہ، مرمتی کام کا جائزہ لیا

اسسٹنٹ کمشنر پسرور ثناء شرافت نے موضع اُدھوفتح میں نالہ ڈیگ کے بریچ پوائنٹ کا تفصیلی دورہ کیا،

سیالکوٹ۔ 06 جولائی (اے پی پی):اسسٹنٹ کمشنر پسرور ثناء شرافت نے موضع اُدھوفتح میں نالہ ڈیگ کے بریچ پوائنٹ کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے جاری مرمتی کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے پیش رفت کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران ایس ڈی او اریگیشن نے اسسٹنٹ کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بریچ پوائنٹ کی بحالی اور مضبوطی کے لئے مرمتی کام تیزی سے جاری ہے اور منصوبہ اپنے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ تمام تکنیکی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کام جلد مکمل کر لیا جائے گا تاکہ نالہ ڈیگ کے بہاؤ کو محفوظ بنایا جا سکے اور آئندہ ممکنہ بارشوں یا سیلابی صورتحال کے دوران کسی بھی خطرے سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔ اسسٹنٹ کمشنر ثناء شرافت نے موقع پر جاری کام کے معیار، رفتار اور حفاظتی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مرمتی کام مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور تمام کام محکمانہ قواعد و ضوابط کے مطابق انجام دئیے جائیں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ متعلقہ محکمے آپس میں مکمل رابطہ رکھیں، فیلڈ میں مسلسل نگرانی جاری رکھی جائے اور ایسے تمام حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں جن سے قریبی آبادیوں، زرعی اراضی اور بنیادی ڈھانچے کو کسی بھی ممکنہ نقصان سے محفوظ رکھا جا سکے۔