پشاور،سیسا نیشنل لیڈرشپ فورم 2026 کامیابی سے اختتام پذیر

پشاور،سیسا نیشنل لیڈرشپ فورم 2026 کامیابی سے اختتام پذیر

پشاور۔ 06 جولائی (اے پی پی):نیشنل انفلوئنسرز کے سٹوڈنٹس فار اکنامک اینڈ سوشل افیئرز (سیسا) کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والا پانچ روزہ سیسا نیشنل لیڈرشپ فورم 2026 ایوبیہ کے خوبصورت سیاحتی مقام خانسپور میں کامیابی سے اختتام پذیر ہوگیا۔تر جمان کے مطابق فورم میں ملک بھر سے نوجوان قائدین، طلبہ، نوجوان پیشہ ور افراد نے شرکت کی، جہاں انہیں قیادت، طرزِ حکمرانی، عوامی پالیسی، معیشت اور قومی ترقی سے متعلق عملی تربیت، فکری رہنمائی اور باہمی سیکھنے کے مواقع فراہم کیے گئے۔

فورم کا بنیادی مقصد نوجوانوں میں قائدانہ صلاحیتوں کو فروغ دینا، شہری ذمہ داری کے احساس کو مضبوط بنانا اور طرزِ حکمرانی، عوامی پالیسی، معاشی ترقی اور پاکستان کے مستقبل سے متعلق بامقصد مکالمے کو فروغ دینا تھا۔ پانچ روزہ پروگرام کے دوران شرکانے انٹرایکٹو ورکشاپس، لیڈرشپ لیبارٹریز، پالیسی مباحثوں، مباحثوں (ڈیبیٹس)، نیٹ ورکنگ سیشنز، ٹیم بلڈنگ سرگرمیوں اور مشترکہ منصوبوں میں بھرپور حصہ لیا، جن کے ذریعے ان کی تنقیدی سوچ، موثر ابلاغ، مسائل کے حل اور سٹریٹجک فیصلہ سازی کی صلاحیتوں کو مزید نکھارا گیا۔

تربیتی پروگرام میں قیادت اور تنظیمی ذمہ داری، بہترین طرزِ حکمرانی، سیاسی نظریات، معاشی آزادی، ٹیکس نظام، عوامی پالیسی، آئینی حکمرانی، صوبائی خودمختاری، وفاقیت، پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت، ایونٹ مینجمنٹ، تنازعات کے حل، شہری شمولیت اور موثر عوامی قیادت جیسے اہم موضوعات پر تفصیلی سیشنز منعقد کیے گئے، جنہوں نے شرکا کی فکری استعداد میں نمایاں اضافہ کیا۔

تعلیمی اور قائدانہ سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ فورم میں تجرباتی اور ثقافتی پروگرام بھی شامل تھے، جن کا مقصد شرکا میں ٹیم ورک، باہمی اعتماد، ثقافتی ہم آہنگی اور ذاتی نشوونما کو فروغ دینا تھا۔ کلچرل نائٹ کے دوران شرکا نے پاکستان کی متنوع ثقافتوں کو بھرپور انداز میں پیش کیا، جبکہ مُشکپوری ٹاپ تک ہائیکنگ کے ذریعے ایوبیہ کی قدرتی خوبصورتی سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ ساتھ عملی ماحول میں استقامت، تعاون اور قائدانہ صلاحیتوں کا بھی مظاہرہ کیا۔

فورم کے دوران شرکاکو ممتاز مقررین، پالیسی ماہرین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات سے براہِ راست سیکھنے کا موقع ملا۔ مقررین نے قیادت، طرزِ حکمرانی، معیشت، پالیسی سازی اور عوامی خدمت سے متعلق اپنے تجربات اور خیالات شرکاکے ساتھ شیئر کیے، جبکہ انہیں پاکستان کو درپیش موجودہ چیلنجز کے قابلِ عمل اور دیرپا حل تلاش کرنے کی ترغیب بھی دی۔

نیشنل انفلوئنسرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد سلیمان نے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی قائدانہ صلاحیتوں میں سرمایہ کاری ہی پاکستان کے روشن، مستحکم اور خوشحال مستقبل کی بنیاد ہے۔ انہوں نے شرکا کے جذبے، عزم اور فعال شرکت کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اخلاقی قیادت، عوامی خدمت اور مثبت شہری کردار کے ذریعے اپنے معاشرے میں مثبت تبدیلی کے موثر علمبردار ثابت ہوں گے۔

تقریب کے دوران فورم کامیابی سے مکمل کرنے والے تمام شرکامیں اسناد تقسیم کی گئیں، جبکہ نمایاں کارکردگی، مثالی قائدانہ صلاحیتوں، غیرمعمولی خدمات اور سیسا کے وژن، مشن اور بنیادی اقدار سے غیرمتزلزل وابستگی کے اعتراف میں منتخب شرکا کو شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔