
اسلام آباد ۔ 09 نومبر (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت ترقیاتی ایجنڈے سے اپنی توجہ نہیں ہٹائے گی اور ملک کی ترقی اور عوام کے معیار زندگی میں بہتری کے لئے ترقیاتی منصوبے مکمل کرنے کے لئے تندہی سے کام کرتی رہے گی۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو ایوان صدر میں ہونے والی ملاقات میں کہی۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کی صدر مملکت سے ہونے والی ملاقات میں دونوں رہنماوں نے ملک کی مجموعی صورت حال اور اہم قومی امور پر با ت چیت کی۔ ایوان صدر کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں پاک چین اقتصادی راہداری، توانائی کے منصوبے، امن و امان ، لائن آف کنٹرول اور مقبوضہ کشمیر کی ورکنگ باونڈری پر پیدا ہونے والی صورت حال سمیت تمام امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیرا عظم نے صدر مملکت کو حکومت کی جانب سے اقتصادی اور عوامی فلاح و بہبود کے ضمن میں کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ صدر مملکت نے حکومت کی معاشی پالیسیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان پالیسیوں کی وجہ سے قومی معیشت مضبوط ہوئی ہے اور اس کے اثرات عام آدمی تک پہنچ رہے ہیں۔ صدر مملکت نے پاکستان کی اقتصادی صورت حال کی بہتری کے متعلق بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کیا۔