
اسلام آباد ۔ 23 مارچ (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے یوم پاکستان کے موقع پر مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والی شخصیات کو اعزازات سے نوازا۔ جمعرات کو ایوان صدر میں منعقدہ خصوصی تقریب میں 46 ملٹری اور 50 سول ایوارڈز دیئے گئے۔ ان اعزازت میں ملٹری ایوارڈز کی کیٹیگریز میں 36 ہلال امتیاز (ملٹری) اور 10 ستارہ بسالت (ملٹری) جبکہ سول ایوارڈز کی کیٹیگریز میں1 ہلال شجاعت، 3 ہلال امتیاز ، 1 ستارہ پاکستان، 1 ستارہ شجاعت، 9 ستارہ امتیاز، 6 صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی، 1 تمغہ پاکستان، 16 تمغہ شجاعت، 11 تمغہ امتیاز اور 1 تمغہ خدمت شامل ہیں۔ قومی سول ایوارڈز حاصل کرنے والوں میں 11 غیر ملکی شخصیات شامل ہیں، جن کا تعلق ناروے، ترکی، اٹلی، چین، برطانیہ، کینیڈا اور سری لنکا سے ہے۔ اعزازات دینے کی تقریب میں وزرائ، ارکان پارلیمنٹ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات، سروسز چیفس، سفارتکاروں، اعلی سول و فوجی حکام اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔