
راولپنڈی ۔ 18 مئی (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت عوام کو معیاری اور سستی طبی سہولیات فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں قومی صحت پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ طبی ماہرین اور ڈاکٹروں کو چاہئے کہ لوگوں کی مشکلات کم کرنے میں اپنا کردار کریں۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو آرمی میڈیکل کالج کے کانووکیشن 2017ءکی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ایجوٹینٹ جنرل لیفٹیننٹ جنرل انور علی حیدر، نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز کے وائس چانسلر سید محمد عمران مجید اور سرجن جنرل لیفٹیننٹ جنرل آصف ممتاز سکھیرا اور آرمی میڈیکل کالج کے پرنسپل میجر جنرل سلیم احمد خان بھی بھی وجود تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ترقی پذیر ملک کی حیثیت سے ہمارے وسائل محدود ہیں اور غربت ، پسماندگی اور بعض دیگر سماجی اور معاشی وجوہات کے پیشِ نظر علاج معالجے کی صورت حال بہت پیچیدہ ہے، بے شمار لوگ اس لئے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں یا اپنی زندگی معذوری کے عالم میں گزار دیتے ہیں کیونکہ غربت اور طویل فاصلوں کی وجہ سے علاج سے محروم رہتے ہیں۔ اس طرح کی صورتحال میں طبیبوں کی خدا ترسی اور رفاحی اداروں کا کردار اہم ہو جاتا ہے۔