
اسلام آباد ۔ 27 فروری (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان اور چین کے ساتھ ساتھ افغانستان کے لیے بھی بے پناہ اہمیت کا حامل ہے کیونکہ افغانستان سمیت ماسکو سے لے کر وسط ایشیاءتک کا خطہ مستقبل میں اس سے بیش بہا فوائد حاصل کرسکتا ہے۔ یہ بات انہوں نے منگل کو ایوان صدر میں پاکستان میں زیر تعلیم افغان طلبا پر بنائی جانے والی دستاویزی فلم کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب سے چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد اورپاکستان میں افغانستان کے سفیرعمر زاخیل وال نے بھی خطاب کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ اقتصادی راہداری کی صورت میں پاکستان اور افغانستان سمیت دیگر ممالک کے عوام ، خاص طور پر نوجوانوں کے لیے بے شمار مواقع پیدا ہورہے ہیں۔