21.6 C
Islamabad
جمعرات, اپریل 3, 2025
ہومتقریبات یوم آ زادیصدر مملکت ممنون حسین کا جنا ح کنونشن سینٹر میں یوم آزادی...

صدر مملکت ممنون حسین کا جنا ح کنونشن سینٹر میں یوم آزادی کی تقریب سے خطاب

- Advertisement -

اسلام آباد ۔ 14 اگست (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ وطنِ عزیز کو درپیش چیلنجوں سے نٹمنے کےلئے غیرجذباتی طریقے سے مسائل کا جائزہ لے کر ملک میں اعتدال اور معقولیت کو فروغ دیا جائے، قوم گروہی اور طبقاتی مفادات سے اوپر اٹھ کر اپنے درمیان وسیع تراتفاقِ رائے پیدا کر ے، ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے ہم تمام اختلافات بھلا کر ایک دوسرے کے دست و بازو بن جائیں اور اپنے دامن سے نفرتوں اور بدگمانیوں کو جھاڑ کر اخلاص و محبت کو فروغ دیں ،جو قومیں خوشی اور مسّرت کے لمحات میں بھی اپنے مقاصد کو نگاہوں سے اوجھل نہیں ہونے دیتیں، ان کا حال ماضی سے بہتر اور مستقبل تابناک ہو جاتا ہے،یومِ آزادی جیسے ملی تہوار اس طرح کی صورت حال میں غور و فکر کا موقع ہی فراہم نہیں کرتے بلکہ ان کے حل کی راہیں بھی سجھاتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوموار کو یہاں جناح کنونشن سینٹر میں ملک کے 70 ویں یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر ممنون حسین نے قومی پرچم لہرایا۔ تقریب میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، نائب وزیر ِاعظم عوامی جمہوریہ چین وونگ یینگ، چیئرمین سینیٹ رضا ربانی اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وزرائے کرام، اراکین پارلیمان، مسلح افواج کے سربراہان طلباءو طالبات سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر ممنون حسین نے کہا کہ کچھ دیر پہلے ہم سب نے مل کر اپنا سبز ہلالی پرچم فضا میں بلند کیا ہے۔ وطنِ عزیز کی آزاد فضاﺅںمیں لہراتا ہوا یہ پرچم تحریکِ آزادی کی ولولہ انگیز داستاں بھی بیان کرتا ہے اور گزشتہ سات دہائیوں پر مشتمل تحریکِ استحکام ِپاکستان اور تعمیر پاکستان کے کٹھن مراحل کی کہانی بھی سناتاہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پرچم پر جگمگاتے ہوئے چاند ستارے کی روشنی اہلِ وطن کی خوشیوں کی مظہر اور کاروانِ ترقی وکمال کی رہبر ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ یہ سبز ہلالی پرچم ہمیشہ سر بلند رہے، عزم و ہمت کا یہ قافلہ سخت جاں اپنی منزل کی طرف بڑھتا رہے اور سر زمینِ پاک پر بسنے والے ہر ذی روح کی خوشیوںاور راحتوں کو دوام ملے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=66135

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں