صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی کا بہاﺅ الدین ذکریا یونیورسٹی ملتان میں بین الاقوامی صوفی کانفرنس سے خطاب

93
APP32-08 MULTAN: November 08 - President Dr. Arif Alvi addressing the International Sufi Conference at Bahauddin Zakariya University. APP

ملتان ۔ صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا ہے کہ اسلام کے پیغام محبت کو عام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، معاشرے میں نفرتوں اور تعصبات کی بجائے رواداری، برداشت اور عفو و درگذر کے جذبات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ جمعرات کو یہاں بہاﺅ الدین ذکریا یونیورسٹی ملتان میں بین الاقوامی صوفی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ اسلام محبت کا پیغام دیتا ہے، محبت کے ذریعے دلوں کو جوڑنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ صوفیاءکرام نے بھی محبت کے ذریعے لوگوں کو جوڑا اور محبت کے ذریعے ہی اسلام کا پیغام پھیلایا۔ انہوں نے کہا کہ عقیدتوں کے اسی طریقہ کار کو رائج کرنے کی ضرورت ہے۔ رواداری، برداشت، مذہبی ہم آہنگی کا ماحول اسی صورت میں پروان چڑھتا ہے جب ہم محبت کے ذریعے لوگوں کو ایک دوسرے کے ساتھ جوڑتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ رسول پاک نے بھی محبت کے ذریعے اپنا پیغام پہنچایا۔ صدر مملکت نے اس امر پر زور دیا کہ ہمیں حضور پاک کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے معاشرے میں تعصبات اور نفرتوں کی بجائے محبت، رواداری عفو و درگذر کے جذبات کو فروغ دینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان وہ ہے جو تعصبات سے بالاتر ہو کر ہمیں بلندیوں کی طرف لے جائے گا، ایک ایسا پاکستان جہاں لوگوں کو ان کا حق ملے گا، انصاف ملے گا، غریب کو روزگار ملے گا، رہنے کے لئے گھر ملیں گے اور تعلیم اور صحت کی سہولیات انہیں فراہم کی جائیں گی، جن چیزوں کا حکم نبی کریم اور قرآن پاک میں دیا ہے، ان پر عمل کریں گے تو پاکستان کی ترقی کوئی نہیں روک سکے گا۔