اسلام آباد۔17فروری (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس نے جمعرات کو یہاں ایوان صدر میں ملاقات کی۔
صدر مملکت نے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی طرف سے پولیو کے خاتمے کے لیے فراہم کی جانے والی معاونت کو سرا ہتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں پورے ایک سال سے پولیو وائرس کا ایک بھی کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے اور صورتحال امید افزا نظر آتی ہے تاہم ہم اس حوالے سے اقدامات جاری رکھیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیو مہم کا تجربہ کوویڈ 19 کی وبا کے دوران بہت مددگار ثابت ہوا جس میں پاکستان نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
صدر مملکت نے’ ہلال پاکستان ‘کا اعزاز حاصل کرنے پر بل گیٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایوارڈ انسانیت کے لیے ان کی فلاحی خدمات کے اعتراف میں ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان ماں اور بچے کی غذائی ضروریات کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کر رہا ہے اور اس سلسلے میں’’ احساس‘‘ کا بہت اچھا پروگرام شروع کیا گیا ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بل گیٹس نے کہا کہ بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی جانب سے گیسٹرک مائیکرو بایوم پر کی جانے والی تحقیق سے اس سلسلے میں کچھ چیلنجز پر قابو پانے میں مدد مل سکتی ہے۔
صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان آئی ٹی کے شعبے میں مائیکرو سافٹ کے ساتھ شاندار تعاون کا منتظر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود ہے جو چوتھے صنعتی انقلاب کے تقاضوں سے نبردآزما ہونے میں بہت معاون ثابت ہوسکتی ہے۔
کتب بینی کے دلدادہ ہونے کی بناپر دونوں شخصیت نے دنیا میں دولت کی بڑھتی ہوئی تفاوت کے بارے میں حالیہ کتب پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔
صدر نے اس بات پر زور دیا کہ بل گیٹس کے فلاحی کاموں نے صاحب ثروت لوگوں کے لیے سماجی مقاصد کے ساتھ کام کرنے اور اس عدم مساوات کو کم کرنے کی راہ ہموار کی ہے ۔