صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے جموں و کشمیر کونسل برائے انسانی حقوق کے صدر کی ملاقات

اسلام آباد ۔ 10 جنوری (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ بھارتی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی جامع تحقیقات کیلئے کمیشن آف انکوائری قائم کیا جائے۔ صدر مملکت سے جموں و کشمیر کونسل برائے انسانی حقوق کے صدر ڈاکٹر سیّد نذیر گیلانی نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تبادلہ …

اسلام آباد ۔ 10 جنوری (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ بھارتی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی جامع تحقیقات کیلئے کمیشن آف انکوائری قائم کیا جائے۔ صدر مملکت سے جموں و کشمیر کونسل برائے انسانی حقوق کے صدر ڈاکٹر سیّد نذیر گیلانی نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تبادلہ خیال کیا۔ صدر مملکت نے ڈاکٹر نذیر گیلانی اور ان کی تنظیم کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کو اجاگر کرنے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کشمیری قیادت پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کے بنیادی فریق کے طور پر مقبوضہ کشمیر کے عوام کے خلاف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو دنیا کے سامنے اٹھانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ صدر مملکت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کی رپورٹ بھارتی مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے ظلم و ستم کے حوالہ سے پاکستان کے بار بار دہرائے جانے والے موقف کی حمایت کرتی ہے۔ انہوں نے جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کیلئے ایک جامع، آزاد اور عالمی تحقیقات کیلئے کمیشن آف انکوائری کے قیام کا مطالبہ کیا۔ صدر مملکت نے ڈاکٹر نذیر گیلانی کو پاکستان کی جانب سے کشمیریوں کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں تسلیم شدہ حق خود ارادیت کی جدوجہد میں تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔ ڈاکٹر نذیر گیلانی نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کی رپورٹ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں کشمیری برادری کیلئے یہ رپورٹ اہم سنگ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے سامنے مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی طرف اس رپورٹ کی روشنی میں توجہ مبذول کرانے کی ضرورت ہے۔