اسلام آباد۔1جون (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان قطر کے ساتھ تعلقات کو مضبوط سیاسی اور معاشی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے لئے پرعزم ہے، پاکستان خطے میں سب سے زیادہ لبرل اور سرمایہ کار دوست ماحول فراہم کرتا ہے، قطری سرمایہ کاروں کو اس سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ وہ قطر کے ایک وفد سے گفتگو کر رہے تھے جس نے شیخ علی عبداللہ ثانی الثانی کی قیادت میں منگل کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان بہترین تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے مابین تجارت ، معیشت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو باہمی فائدے کے لئے مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم قطر کی سرمایہ کاری اتھارٹی کی پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہیں، پاکستان خطے میں سب سے زیادہ سرمایہ کاری دوست ماحول کا حامل ملک ہے۔
صدر مملکت نے امید ظاہر کی کہ کراچی اور حماد بندرگاہوں کے مابین براہ راست رابطے سے دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تجارت میں مزید اضافہ ہوگا۔ صدر عارف علوی نے پاکستان کی معاشی کارکردگی کے بارے میں وفد کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ کورونا کے باوجود پاکستان کی معیشت ترقی کر رہی ہے، کاروبار کرنے میں آسانی کی عالمی درجہ بندی میں پاکستان کی پوزیشن میں نمایاں بہتری آئی ہے، قطر کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے