صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر کی ملاقات

اسلام آباد۔2جون (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ایوان صدر وزارت امور کشمیر سے رابطے اور مشاورت کے بعد آزاد جموں و کشمیر قانون سازاسمبلی کے اراکین اور دیگر سیاسی نمائندوں کو مدعو کرے گا، اجلاس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے بے گناہ مسلمانوں کے خلاف بھارتی مظالم کو اجاگر کیا جائے گا۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہارآزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کوایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔

وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر نے صدر مملکت سے آزاد جموں و کشمیر کی حکومت کیلئے مناسب بجٹ مختص کرانے کی درخواست کی۔ وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کی ترقی و خوشحالی اور کشمیری مہاجرین کی بڑھتی ضروریات کے پیشِ نظر مناسب بجٹ مختص کرنے کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے بھارت کی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی کی خصوصی عدالت کی طرف سے حریت رہنما محمد یاسین ملک کو غیر قانونی اور سیاسی بنیادوں پر عمر قید کی سزا کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی سیکورٹی فورسز کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں اور بھارت میں دیگر اقلیتوں کے خلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سنجیدگی سے نوٹس لیں۔