صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے چیئرمین نیب جسٹس ( ر) جاوید اقبال کی ملاقات ،ادارے کی سالانہ رپورٹ پیش کی

154

اسلام آباد ۔ 29 اپریل (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو کا ملک سے کرپشن کے خاتمے میں اہم کردار ہے، بدعنوان عناصر کی حوصلہ شکنی کے لیے بلاامتیاز احتساب وقت کی ضرورت ہے۔انہوں نے یہ بات پیر کو چیئرمین نیب جسٹس ( ر) جاوید اقبال سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ چیئرمین نیب نے صدر مملکت کو اپنے ادارے کی سالانہ رپورٹ 2018ءبھی پیش کی۔ صدر مملکت نے کہاکہ کرپشن پر انہیں ہمیشہ تشویش رہی ہے کیونکہ اس لعنت نے ملک کی معیشت اور اداروں کو تباہ کیا ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیاکہ ملک کی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کا مشن پاکستان کو بدعنوانی سے پاک کرنا ہے۔ صدر نے نیب کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ نیب ایک آزاد ادارہ ہے اور اس کی کارکردگی سے پاکستانی عوام کے اس پراعتماد کو مزید تقویت ملے گی۔