صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی سے چین کے وزیرخارجہ وانگ ژی کی ملاقات

87

اسلام آباد ۔ 8 ستمبر (اے پی پی)صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہاہے کہ چین پاکستان کا قریبی دوست، مضبوط شراکت دار اورآئرن برادر ہے، مقبوضہ کشمیر میں 35 روز سے جاری غیرانسانی لاک ڈاون کی وجہ سے وہاں کے عوام بے پناہ مصائب کا شکارہیں ، بھارتی لاک ڈاون کی وجہ سے انسانی المیہ وقوع پذیر ہونے والی صورتحال بن چکی ہے اسلئے اس مسئلہ پر فوری توجہ دینا ضروری ہے۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار چین کے سٹیٹ قونصلر اوروزیرخارجہ وانگ ژی سے اتوار کویہاں ایوان صدرمیں ملاقات کے دوران کیا۔صدر مملکت نے چین کے سٹیٹ قونصلر اوروزیرخارجہ وانگ ژی کا گرمجوشی سے خیرمقدم کیا اورانہیں عوامی جموریہ چین کے 70 ویں یوم تاسیس پر مبارکباد دی۔ صدرمملکت نے اس عزم کا اظہارکیا کہ چین پاکستان کا قریبی دوست، مضبوط شراکت دار اورآئرن برادر ہے۔صدر ممکت نے چین کے وزیرخارجہ کو مقبوضہ جموں وکشمیر کی مسلمہ بین الاقوامی حیثیت، وہاں آبادی کے تناسب اورشناخت کو تبدیل کرنے کے ضمن میں بھارت کی جانب سے 5 اگست کو اٹھائے جانیوالے غیرقانونی اوریکطرفہ اقدامات سے آگاہ کیا۔صدرمملکت نے یہ بات زوردیکرکہی کہ مقبوضہ کشمیر میں 35 روز سے جاری غیرانسانی لاک ڈاون کی وجہ سے وہاں کے عوام بے پناہ مصائب کا شکارہیں ، بھارتی لاک ڈاون کی وجہ سے انسانی المیہ وقوع پذیر ہونے والی صورتحال بن چکی ہے، اس مسئلہ پر فوری توجہ دینا ضروری ہے۔