صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایوان صدر میں منعقدہ پروقار تقریب میں انہیں یہ اعزاز عطا کیا

70
APP48-18 ISLAMABAD: February 18 – President Dr. Arif Alvi conferring Nishan-i-Pakistan upon Saudi Crown Prince HRH Mohammed bin Salman during the special investiture ceremony at Aiwan-e-Sadr. APP

اسلام آباد ۔ 18 فروری (اے پی پی) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو پاک۔سعودیہ تعلقات کے استحکام اور ان روابط میں نئی روح پھونکنے کے اعتراف میں ملک کا اعلیٰ ترین سول اعزاز ”نشان پاکستان“ دیا گیا ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پیر کو ایوان صدر میں منعقدہ پروقار تقریب میں انہیں یہ اعزاز عطا کیا۔ تقریب تقسیم اعزاز میں وزیراعظم عمران خان بھی شریک تھے۔ اس موقع پر سعودی وفد کے اراکین، چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وفاقی کابینہ کے اراکین، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، سروسز چیفس، سفراءاور اعلیٰ عہدےداران بھی موجود تھے۔ سعودی ولی عہد کو پاکستان کا اعلیٰ ترین سول اعزاز پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ ”پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ایک زمانہ سے برادرانہ تعلقات استوار ہیں اور ان کی بنیادیں ہمارے مشترک دین، نظام اقدار اور تہذیب و ثقافت میں پیوست ہیں۔ سعودی ولی عہد نے ان تعلقات کو اپنی ذاتی توجہ اور سرپرستی سے ایک نئی زندگی عطاءکی ہے۔ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود ہمیشہ سے پاکستان کے سچے اور مخلص دوست رہے ہیں، حکومت پاکستان اور عوام ان کے خلوص و محبت کا تہہ دل سے اعتراف کرتے ہیں۔ پاکستان کی اقتصادی اور معاشرتی ترقی کے لئے سعودی عرب کے فراخدلانہ تعاون کو پاکستان کے عوام قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، ان کی مکمل حمایت پاکستان کے عوام اور قیادت کے لئے ہمیشہ قوت و توانائی کا سبب رہی ہے اور ہمیشہ یاد رہے گی۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو مستحکم کرنے اور ان میں نئی روح پھونکنے کے اعتراف میں صدر مملکت نے سعودی ولی عہد کو پاکستان کا اعلی ترین اعزاز نشان پاکستان عطاءکیا ہے“۔ قبل ازیں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ایوان صدر پہنچنے پر ان کا نہایت پرتپاک خیر مقدم کیا گیا۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ روایتی بگھی میں سوار ہو کر ایوان صدر پہنچے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایوان صدر کے مرکزی دروازے پر سعودی ولی عہد کا والہانہ خیرمقدم کیا۔ اس مو قع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر اطلاعات فواد حسین چوہدری اور اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ راستوں پر مختلف ثقافتی طائفے موجود تھے جو مختلف صوبوں اور علاقوں کی ثقافت کی عکاسی کررہے تھے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے اعزاز میں ظہرانے کا بھی اہتمام کیا، جس میں وزیراعظم، وفاقی کابینہ کے ارکان، سروسز چیفس اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔