صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چوہدری پرویز الٰہی سے وزیر اعلیٰ پنجاب کاحلف لیا

اسلام آباد۔27جولائی (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چوہدری پرویز الٰہی سے وزیر اعلیٰ پنجاب کاحلف لے لیا ۔حلف برداری کی پروقار تقریب ایوان صدر میں منعقد کی گئی ۔

تقریب میں مسلم لیگ (ق) اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنمائوں نے شرکت کی ۔ سپریم کورٹ نے پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کیس کے فیصلے میں حکم دیا تھا کہ گورنر پنجاب کے آمادہ نہ ہونے کی صورت میں صدر وزیر اعلیٰ پنجاب سے حلف لیں۔ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کی طرف سے آئین کے آرٹیکل  63 اے ون بی کی تشریح کو بھی غلط قرار دیا ۔ سپریم کورٹ کے اس فیصلے کی رو سے مسلم لیگ (ن) کے حمزہ شہباز کی ٹرسٹی وزیر اعلی ٰ پنجاب کی حیثیت ختم ہو گئی ہے اور پرویز الہی کو وزیر اعلیٰ قرار دیا گیا ہے۔ ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی نے اپنی رولنگ میں 22 جولائی کو وزیر اعلیٰ پنجاب کےانتخاب کے لئے ہونے والی ووٹنگ میں چوہدری پرویز الہی کو دیئے گئے مسلم لیگ (ق) کے دس ووٹ شمار کرنے سے انکار کر دیا تھا اور اس کے لئے چوہدری شجاعت حسین کے خط کا حوالہ دیا تھا جس میں چوہدری شجاعت حسین نے مسلم لیگ (ق) کے ارکان پنجاب اسمبلی کو چوہدری پرویز الہی کی بجائے مسلم لیگ (ن) کے امید وار حمزہ شہباز کو ووٹ دینے کی ہدایت کی تھی۔ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ کو کالعدم قرار دیا ہے۔سپریم کورٹ کے حکم پر چیف سیکرٹری پنجاب نے پرویز الہی کے وزیر اعلی منتخب ہونے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔