اسلام آباد ۔ 29 اپریل (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے افغانستان میں قیام امن کے لئے پاکستان کی مسلسل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پر امن افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے یہ بات پیر کو یہاں پاک چائنہ فرینڈ شپ سنٹر میں ایک ثقافتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ یہ تقریب ہایئر ایجوکیشن کمیشن کے زیر اہتمام افغان شہریوں کے لئے علامہ محمد اقبال سکالرشپ پروگرام کے تناظر میں ”پیام صبح“ کے عنوان سے منعقد ہوئی۔ صدر نے کہا کہ پاکستان قیام امن اور افغانستان کی تشکیل نو کے مشترکہ مقصد کے حصول کے لئے تعلیم و صحت سمیت مختلف ترقیاتی شعبوں میں معاونت کر رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ افغانستان میں امن بحال ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان ہمارا برادر ملک ہے اور پاکستان اس کے لئے ہر ممکنہ معاونت فراہم کرتا رہے گا۔ صدر نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کو غربت، تعلیم، صحت اور دہشت گردی کے مشترکہ چیلنجوں کا سامنا ہے، ان سے نجات کے لئے مشترکہ کاوشیں درکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے قومی عزم کے ساتھ دہشت گردی پر قابو پایا ہے اور انسداد دہشت گردی کی کاوشوں میں 70 ہزار سے زائد جانوں کی قربانی دی۔ صدر نے کہا کہ افغانستان کو بھی گزشتہ تین دہائیوں میں بھاری نقصانات اٹھانے پڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان آزمائشوں سے گزرا ہے تاہم کوئی بھی اسے اپنے زیر تسلط نہیں لا سکا۔ انہوں نے کہا کہ پر عزم اقوام نے درپیش چیلنجوں کا جرا¿ت مندی سے مقابلہ کرتے ہوئے یکجا عزم کے ساتھ امن و خوشحالی حاصل کی۔ انہوں نے افغان طالب علموں پر زور دیا کہ وہ پاکستانی جامعات میں داخلہ لیں تاکہ واپسی پر اپنے ملک کی تشکیل نو میں فعال کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ افغان طالب علم حصول تعلیم کے بعد افغانستان کی تعمیر نو اور ترقی کی اہم ذمہ داری سنبھالیں گے لہذا انہیں اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کرتے ہوئے اس پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔ صدر نے افغان طالب علموں کی تعداد میں اضافے اور ان کے لئے سہولیات کے ضمن میں ایچ ای سی کی کاوشوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تعلیمی اداروں میں داخلوں کے لئے طالبات کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے جو کہ خوش آئند امر ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ افغان طالب علم افغانستان میں پاکستان کے اچھے سفیر بنیں گے اور اپنے ملک کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کریں گے۔ دونوں ممالک کے درمیان بھائی چارے کے جذبات کا اعادہ کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ پاکستان نے لاکھوں افغان مہاجرین کی فراخدلی سے میزبانی کی جبکہ کئی ترقی یافتہ ممالک نے دیگر مہاجرین کے حوالے سے ایسے رویئے کا مظاہرہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میزبانی کی ایک اعلیٰ مثال ہے۔ قبل ازیں صدر مملکت نے افغان شہریوں کے لئے علامہ محمد اقبال سکالرشپ کے ”آفیشل لوگو“ کا افتتاح کیا۔ تقریب میں ایچ ای سی اور افغان سفارتخانے کے اعلیٰ حکام کے علاوہ افغان طالب علموں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔