اسلام آباد۔14مئی (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نےمعروف فنکار فاروق قیصر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم نے پاکستان میں فن کے شعبہ میں گراں قدر خدمات انجام دیں۔مرحوم نے ہردلعزیز کردار انکل سرگم سے اہم سماجی مسائل کو اجاگر کیا۔اپنے ٹویٹ میں صدر مملکت نے کہا کہ معروف مصنف، اداکار اور فنکار فاروق قیصر کے انتقال پر شدید صدمہ ہوا،مرحوم نے پاکستان میں فن کے شعبے میں گراں قدر خدمات سرانجام دی۔
انہوں نے کہا کہ مرحوم کو تمغہ حسن کارکردگی اور تمغہ امتیاز دینا ریاست کیلئے اعزاز کی بات تھی، مرحوم نے ہردلعزیز كردار”انکل سرگم” سے اہم سماجی مسائل کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ فاروق قیصر نے پتلی بازی کے شعبے میں بھی اپنا علیحدہ مقام بنایا،ان کے جانے سے پاکستان میں شعبہ فن کا اہم باب بند ہوگیا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔