صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا نیشنل ہیلتھ سروسز کی جانب سے بریسٹ کینسر کے حوالہ سے بریفنگ اجلاس سے خطاب

اسلام آباد ۔ 26 ستمبر (اے پی پی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان میں بریسٹ کینسر کے مرض سے ہر 15 منٹ میں ایک خاتون جان کی بازی ہار جاتی ہے، اس موذی مرض کے متعلق آگاہی پیدا کرنے کیلئے ایک جامع پروگرام کی اشد ضرورت ہے تاکہ خواتین اس سے بچاﺅ اور بروقت علاج معالجہ کی سہولیات سے استفادہ کر سکیں۔ وہ جمعرات کو یہاں …

اسلام آباد ۔ 26 ستمبر (اے پی پی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان میں بریسٹ کینسر کے مرض سے ہر 15 منٹ میں ایک خاتون جان کی بازی ہار جاتی ہے، اس موذی مرض کے متعلق آگاہی پیدا کرنے کیلئے ایک جامع پروگرام کی اشد ضرورت ہے تاکہ خواتین اس سے بچاﺅ اور بروقت علاج معالجہ کی سہولیات سے استفادہ کر سکیں۔ وہ جمعرات کو یہاں نیشنل ہیلتھ سروسز کی جانب سے بریسٹ کینسر کے حوالہ سے بریفنگ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا، شوکت خانم میموریل ہسپتال، شفاءانٹرنیشنل ہسپتال، پنک ربن، گرین سٹار، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن اور یونیسف کے نمائندے بھی اجلاس میں موجود تھے۔ صدر مملکت نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں فیڈرل بریسٹ کینسر سنٹر کی جانب سے سکریننگ کی مفت سہولت کو سراہا جس میں بڑی تعداد میں بریسٹ کینسر کے ابتدائی کیسز کی بروقت تشخیص کی گئی ہے۔ انہوں نے فیڈرل بریسٹ کینسر سکریننگ سنٹر کو سکریننگ پروگرام کے حوالہ سے مکمل تعاون کا یقین دلایا تاکہ اس مرض کے باعث ہونے والی اموات میں کمی لائی جا سکے۔ صدر مملکت کو بریسٹ کینسر کی جلد تشخیص اور اس موذی مرض کے باعث ہونے والی اموات میں کمی کیلئے میپنگ اور سکریننگ کی سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ ایشیاءمیں بریسٹ کینسر کی سب سے زیادہ شرح پاکستان میں ہے، ہر 9 خواتین میں سے ایک خاتون بریسٹ کینسر کے مرض میں مبتلا ہے، ہر سال تقریباً 90 ہزار نئے کیسز کی تشخیص ہوتی ہے جن میں سے 40 ہزار کی موت واقع ہو جاتی ہے۔ بریسٹ کینسر خواتین میں سب سے زیادہ پایا جانا والا کینسر ہے اور کینسر کے موذی مرض کی وجہ سے خواتین کی بہت بڑی تعداد موت کے منہ میں چلی جاتی ہے۔

مزید خبریں