اسلام آباد ۔ 14ستمبر (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ حکومت کے ساتھ ساتھ ہر شہری کو پانی کے ضیاع کو روکنے اور اس کا استعمال بہتر بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، زرعی مقاصد اور شہروں میں پانی کا استعمال اس انداز میں کیا جائے کہ پانی کے ضیاع کو روکا جا سکے۔ جمعہ کو پانی کے معاملہ پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ وہ ایک اہم مسئلہ پر قوم کے سامنے اپنے خیالات کا اظہار کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بڑی اہم بات یہ ہے کہ پاکستان میں پانی کی قلت ہے اور پانی کی قلت کا مسئلہ گلوبل وارمنگ سے بھی متعلق ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اندر پانی ضائع بھی ہو رہا ہے، ہم جس طریقہ سے پانی استعمال کر رہے ہیں وہ اچھا طریقہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس نے ڈیموں کیلئے فنڈز اور عطیات جمع کرنے کا جو کام شروع کیا ہے جس کو وزیراعظم نے بھی سپورٹ کیا ہے اس حوالہ سے میں سمندر پار پاکستانیوں سے خاص طور پر اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس طرف توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بھی پاکستان میں پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے لیکن مستقبل میں مزید قلت کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالہ سے دو چیزوں کی طرف توجہ دلانا چاہتا ہوں، ایک تو میں سمجھتا ہوں کہ یہ حکومت انشاءاﷲ¿ اس بات کی کوشش کرے گی کہ زرعی فارمنگ اچھے انداز میں کی جائے اور پانی کا ضیاع نہ ہو۔