صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس میں قومی خطاطی نمائش کی تقریب سے خطاب

اسلام آباد ۔ 24 ستمبر (اے پی پی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ فنون لطیفہ انسان کی تخلیقی صلاحیت کو جلا بخشتا ہے اور اس سے معاشرے میں وسیع البنیاد ترقی کی راہ ہموار ہوتی ہے، دنیا میں فن کے اعتبار سے لوگوں کو آزاد رکھنے والی قوموں نے ترقی کی، موجودہ حکومت بھی ملک میں فنون لطیفہ کے فروغ کے لئے کوشاں ہے۔ ان خیالات کا …

اسلام آباد ۔ 24 ستمبر (اے پی پی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ فنون لطیفہ انسان کی تخلیقی صلاحیت کو جلا بخشتا ہے اور اس سے معاشرے میں وسیع البنیاد ترقی کی راہ ہموار ہوتی ہے، دنیا میں فن کے اعتبار سے لوگوں کو آزاد رکھنے والی قوموں نے ترقی کی، موجودہ حکومت بھی ملک میں فنون لطیفہ کے فروغ کے لئے کوشاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس کے دورہ کے موقع پر قومی خطاطی نمائش کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ مسلمان تہذیبیں خطاطی میں دلچسپی رکھتی تھیں، اس کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ مسلمان بت تراشی اور تصویر کشی سے اجتناب کرتے تھے اور انہوں نے آرکیٹیکچر، جیو میٹرک آرٹ اور خطاطی میں مہارت حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ فن کے اعتبار سے لوگوں کو آزاد رکھنے والی قوموں نے ترقی کی ہے، فنون لطیفہ تخلیقی آزادی کا فن فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے خطاطی میں قومی ٹیلنٹ کو سراہا۔ صدر مملکت نے کہا کہ فنون لطیفہ کسی بھی قوم کی سماجی عکاسی کرتے ہیں۔ حکومت فنون لطیفہ کے فروغ کے لئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ فنکاروں کو سہولتیں فراہم کرنا ہمارا قومی فریضہ ہے۔ اس موقع پر صدر مملکت نے نمائش کا دورہ کیا اور خطاط کے تخلیقی فن پاروں کو سراہا۔

مزید خبریں