
پشاور/اسلام آباد ۔ یکم دسمبر (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں انضمام کے بعد این ایف سی ایوارڈ کے تحت فاٹا کی گرانٹ میں 3 فیصد اضافہ کیا جائے گا،ہم قبائلی عوام کی قربانیوں سے آگاہ ہیں اور ان کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی، سوات کی طرز پر قبائلی علاقوں کا انتظامی نظام بھی صوبائی حکومت کو منتقل کیا جائے گا۔ ملک میں امن وامان کے قیام کے بعدسیاحتی مقامات آنے والے سیاحوں کی تعداد بڑھ رہی ہے، علاقہ میں سیاحت کے شعبے کی ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں پشاور کے پہلے دورہ کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان اور صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی بھی موجود تھے۔