صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا یوم دفاع و شہداءپاکستان کے موقع پر پیغام

71

اسلام آباد ۔ 6 ستمبر (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یوم دفاع و شہداءکے موقع پر کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے اس عہد کی تجدید کی ہے کہ ہم کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلا کر رہیں گے، ان کی جدوجہد آزادی کے لئے ہر سطح اور ہر پلیٹ فارم پر آواز بلند کرتے رہیں گے، بھارت کے یکطرفہ فیصلے کی کوئی اہمیت نہیں، یقیناً دنیا کو ادراک ہوتا جا رہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں سلگنے والی یہ چنگاری دنیا کے امن کے لئے سب سے بڑا خطرہ ہے۔ انہوں نے یہ بات یوم دفاع و شہداءپاکستان کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہی جو (آج) 6 ستمبر کو منایا جا رہا ہے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس مرتبہ 6 ستمبر یوم دفاع کے ساتھ کشمیریوں سے یکجہتی کے دن کے طور پر بھی منایا جا رہا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ 6 ستمبر کا سورج ہر سال ہمارے قومی ولولوں کی یاد تازہ کرنے اور وطن کے لئے اپنی جان قربان کرنے کے عہد کی تجدید کے لئے طلوع ہوتا ہے، 54 سال پہلے، ہماری بہادر مسلح افواج نے پوری قوم کے شانہ بشانہ دشمن کے عزائم کو ناکام بنا کر ہمیشہ ہمیشہ کے لئے اس دن کو جرا¿ت و بہادری، ایثار و قربانی اور قومی یکجہتی کا استعارہ بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے انہی لمحوں کو مشعل راہ بناتے ہوئے اندرونی چیلنجز و بیرونی سازشوں کو شکست دی ہے اور جذبہ ءستمبر نے ہی ہمیں خودانحصاری کی منزل سے سرشار کر کے ہماری آزادی اور خودمختاری کو ناقابلِ تسخیر بنا دیا ہے۔