صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا یوم قائد کی مناسبت سے ”قائد اور بچے“ تقریب سے خطاب

اسلام آباد۔25دسمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بچوں پر زور دیا ہے کہ وہ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کے اصولوں پر عمل پیرا ہو کر ہر شعبے میں علم اور صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں اور اپنے ملک کو عروج پر پہنچائیں، عظیم ملک مضبوط اور منظم قوموں نے اپنی محنت، عزم اور خلوص کے ساتھ تعمیر کئے، پاکستان قائد کی امانت ہے اور اب نوجوان …

اسلام آباد۔25دسمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بچوں پر زور دیا ہے کہ وہ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کے اصولوں پر عمل پیرا ہو کر ہر شعبے میں علم اور صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں اور اپنے ملک کو عروج پر پہنچائیں، عظیم ملک مضبوط اور منظم قوموں نے اپنی محنت، عزم اور خلوص کے ساتھ تعمیر کئے، پاکستان قائد کی امانت ہے اور اب نوجوان نسل کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک کو مضبوط اور خوشحال بنائے۔ ان خیالات کا انہوں نے جمعہ کو ایوان صدر میں یوم قائد کی مناسبت سے ”قائد اور بچے“ کے عنوان سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت نے بچوں کو تاکید کی کہ وہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کی زندگی کا مطالعہ کریں کہ کس طرح انہوں نے پاکستان کے قیام کیلئے بے لوث محنت کی۔ انہوں نے کہا کہ صرف ایسے بلند کردار اور مضبوط عزم رکھنے والی شخصیت ہی وہ کامیابی حاصل کر سکتی تھی جسے ہر کوئی ناممکن سمجھتا تھا۔ صدر مملکت نے والدین اور اساتذہ پر زور دیا کہ وہ نوجوان نسل کی ابتدائی عمر سے ہی مضبوط کردار سازی میں مدد و رہنمائی کریں تاکہ وہ مستقبل کے اچھے لیڈر ثابت ہو سکیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ قائداعظم نے اپنے اعتماد کے ساتھ اس ملک کو اگلے نسلوں کے حوالہ کیا، اب یہ سب کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس ملک کو مضبوط اور خوشحال بنائیں۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان کے مستقبل کے بارے میں کوئی شبہ نہیں ہونا چاہئے، یہ ملک یقینی طور پر ابھرنے والا ہے۔ انہوں نے دنیا بھر میں سائنسی علوم کے شعبہ میں ہونے والی ترقی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جدید ایجادات اور سائنسی ترقی نے ٹیکنالوجی کے حوالہ سے تمام رکاوٹیں عبور کر لی ہیں، موجودہ دور میں کسی بھی ملک کی ترقی کیلئے سائنسی علوم کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ قائداعظم کو یقین تھا کہ پاکستانی قوم اپنے ملک کی اس طرح تعمیر کرے گی جس سے اسے عالمی برادری میں احترام اور قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔ انہوں نے بچوں پر زور دیا کہ وہ زندگی کامیابی کیلئے حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات پر عمل کریں۔ صدر مملکت نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کے 11 اگست 1947ءکے خطاب کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے اعلان کیا تھا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو اپنی عبادت گاہوں میں جانے کی مکمل آزادی ہو گی، پاکستان جمہوری اصولوں کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا اور لوگوں نے اپنے لئے علیحدہ وطن کے انتخاب کیلئے اپنا جمہوری حق استعمال کیا۔ صدر مملکت نے بچوں کو تلقین کی کہ وہ قائد کے ایمان، تنظیم اور اتحاد کے رہنما اصولوں پر عمل کریں، قائداعظم انصاف سب کیلئے، کے اصول پر پر یقین رکھتے تھے اور ہمیشہ معاشرہ کے کمزور اور پسماندہ طبقات کے ساتھ کھڑے ہوئے۔ صدر مملکت نے تحریک قیام پاکستان کے مختلف پہلوئوں کے بارے میں بچوں کو آگاہی دی۔ انہوں نے مسلمانوں کے عروج و زوال کی وجوہات کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت ہے کہ نوجوان تاریخ سے سبق سیکھیں اور اپنے اہداف بلند رکھیں تاکہ امت مسلمہ کی عظمت رفتہ پھرسے بحال ہو سکے۔ اس موقع پر بچوں نے قومی نغمے گائے اور قیام پاکستان کی تحریک پر مبنی ٹیبلوز بھی پیش کئے۔