صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا 2005ءکے زلزلہ متاثرین کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب

72

اسلام آباد ۔ 8 اکتوبر (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پوری قوم اور بالخصوص نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ ہر تیسرے ماہ باقاعدگی سے خون کا عطیہ دینے کا اہتمام کریں، یہ انسانیت کی بڑی خدمت ہے، جس کا زندگی اور آخری دونوں میں بہت فائدہ ہو گا، پاکستان کے لوگ بہت مخیر ہیں اور ضرورتمندوں کا دل کھول کر مدد کرنا مسلمانوں کی میراث ہے۔ وہ پاکستان ہلال احمر سوسائٹی کے زیر اہتمام 2005ءکے زلزلہ متاثرین کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستانی قوم کا مزا ج ہے کہ وہ کوئی بھی نیک کام رکنے نہیں دیتے اور اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں، 2005ءکے زلزلہ کے فوراً بعد لوگوں کا ردعمل ہمارے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہر شہر سے لوگ امدادی سامان لے کر متاثرین کی مدد کے لئے نکل پڑے تھے، گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں اور 15-20 گھنٹے ٹریفک جام رہتا تھا جو عوام کے متاثرین کے لئے امداد کے جذبہ کا عکاس تھا۔ صدر مملکت نے کہا کہ یہ ابھرنے والی قوموں کی علامت ہے، پاکستان نے 30-35 لاکھ افغان مہاجرین کی میزبانی کی، ا سے بڑے مسائل بھی درپیش رہے لیکن کبھی اس کے خلاف آواز نہیں اٹھی، آج ترکی بھی 30 سے 35 لاکھ شامی مہاجرین کی میزبانی کر رہا ہے، یہ مسلمانوں کی میراث ہے کہ وہ تنگی برداشت کر کے بھی دوسروں کی مدد کرتے ہیں، ہمارے پیارے نبی نے خود تکالیف برداشت کیں لیکن ضرورتمندوں کی ہمیشہ مدد کی، یہ ہمارے لئے مثالیں ہیں۔