اسلام آباد ۔ 9 اپریل (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان اور برونائی دارالسلام کے تعلقات کو برادرانہ اور تعاون پر مبنی قرار دیتے ہوئے برادر ملک کو فوجی تربیت کے شعبہ میں تعاون کی پیشکش اور امن مشقوں میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ وہ رائل برونائی آرمڈ فورسز کے کمانڈر میجر جنرل پینگرین داتو پڈاکوبن پنگرین حاجی محمد سے بات چیت کر رہے تھے جنہوں منگل کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان برونائی دارالسلام کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے، پاکستان اور برونائی کے درمیان برادرانہ اور تعاون پر مبنی قریبی تعلقات ہیں جو مذہب، ثقافت اور تاریخ کے ساتھ ساتھ علاقائی و عالمی امور پر یکساں مو¿قف پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برونائی پاکستان مشترکہ دفاعی کمیٹی دونوں برادر ممالک کے درمیان فوجی و دفاعی تعاون کو بڑھانے کیلئے ایک مفید فورم ہے۔ صدر مملکت نے برونائی دارالسلام کو فوجی تربیت کے شعبہ میں تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے برونائی کو امن مشقوں میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ انہوں نے آسیان میں پاکستان کو فل ڈائیلاگ پارٹنرشپ کے حصول میں تعاون فراہم کرنے پر برونائی کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں، پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بین الاقوامی برادری کا مضبوط شراکت دار ہے اور خطہ میں امن کے حوالہ سے پرعزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر کا مسئلہ دیرینہ ہے اور بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں بےگناہ شہریوں کو قتل کرکے ان پر غاصبانہ تسلط قائم کئے ہوئے ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور برونائی کے درمیان تجارت کو بڑھانے اور کاروبار کی حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے برونائی پر زور دیا کہ غیر ملکی افرادی قوت کی اپنی مسلسل ضرورت کو پورا کرنے کے سلسلہ میں پاکستانی ہنرمند افرادی قوت کو ترجیح دی جائے۔