اسلام آباد۔4اکتوبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے صنعتی شعبے کی ضروریات کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ ملک کو سماجی و اقتصادی ترقی کی راہ پر ڈالنے کے لیے ہنر مند افرادی قوت پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ یونیورسٹیوں اور تربیتی اداروں کی جانب سے مہارتوں کی فراہمی سے ملک میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں نمایاں مدد ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں ایوان صدر میں نیشنل سکلز یونیورسٹی (این ایس یو) اسلام آباد کی مشاورتی کونسل کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود ، وائس چانسلر این ایس یو ڈاکٹر محمد مختار اور مشاورتی کونسل کے ممبران نے شرکت کی۔ وائس چانسلر نے اجلاس کو ہنر پر مبنی اور تکنیکی تعلیم دینے میں این ایس یو کے کردار سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مشاورتی کونسل این ایس یو کے تعلیمی پروگراموں کو معلومات فراہم کرنے میں مدد کرے گی تاکہ تربیت اور مہارت کے کورسز اور تعلیمی پروگرام انڈسٹری کے تقاضوں اور ضروریات باہم مربوط بنایا جا سکے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے این ایس یو اور صنعتی شعبے کے درمیان روابط اور شراکت داری قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ این ایس یو اور صنعتی شعبے کے مابین شراکت اور اشتراک بہت اہم ہے کیونکہ اس سے نوجوانوں کے لئے مارکیٹ میں مہارت اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے صنعتی شعبے کو ہنر مند افرادی قوت کی کمی کا سامنا ہے۔
انہوں نے این ایس یو اور دیگر تکنیکی تربیتی اداروں پر زور دیا کہ وہ مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ملازمت کے قابل گریجویٹ پیدا کریں۔ صدر نے مزید اس بات پر زور دیا کہ یونیورسٹی کی جانب سے پیش کئے جانے والے تعلیمی اور دیگر تربیتی اور ہنر مندی کے پروگراموں کے بارے میں لوگوں میں شعور بیدار کرنے کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے۔