صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت وفاقی حکومت کے فنکاروں کی فلاح و بہبود کے فنڈ کی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس

اسلام آباد ۔ 13 مئی (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت وفاقی حکومت کے فنکاروں کی فلاح و بہبود کے فنڈ (فیڈرل گورنمنٹ آرٹسٹس ویلفیئر فنڈ) کی سٹیئرنگ کمیٹی کا 10واں اجلاس منعقد ہوا جس میں مالی مشکلات کا شکار اور علیل فنکاروں کو مالی معاونت فراہم کرنے کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ملک کے مستحق اور ضرورت مند فنکاروں کو امداد کی فراہمی …

اسلام آباد ۔ 13 مئی (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت وفاقی حکومت کے فنکاروں کی فلاح و بہبود کے فنڈ (فیڈرل گورنمنٹ آرٹسٹس ویلفیئر فنڈ) کی سٹیئرنگ کمیٹی کا 10واں اجلاس منعقد ہوا جس میں مالی مشکلات کا شکار اور علیل فنکاروں کو مالی معاونت فراہم کرنے کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ملک کے مستحق اور ضرورت مند فنکاروں کو امداد کی فراہمی کے حوالہ سے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں نشاندہی کی گئی کہ اس وقت فنکاروں کی فلاح و بہبود کیلئے دستیاب 250 ملین روپے کا فنڈ ناکافی ہے کیونکہ ایسے فنکاروں کی تعداد اس رقم کے مقابلہ میں بہت زیادہ ہے جن کے حالات بہتر نہیں اس لئے کمیٹی نے ان کی مالی معاونت کیلئے انڈوومنٹ فنڈ کو 250 ملین روپے سے بڑھا کر ایک ارب روپے کرنے کی تجویز دی۔ اجلاس میں ملک بھر سے تمام فنکاروں کا جامع ڈیٹا جمع کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور وزارت اطلاعات و نشریات کو ہدایت کی گئی کہ یہ کام ایک ماہ میں مکمل کیا جائے۔ اجلاس میں ملک کے ان مستحق اور ضرورت مند فنکاروں میں 10 ملین روپے کی تقسیم کی منظوری بھی دی گئی جنہوں نے مالی امداد کی فراہمی کیلئے درخواست کی تھی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کسی فنکار کی وفات کی صورت میں ایک سال تک اس کی بیوہ کو مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔ سٹیئرنگ کمیٹی نے کابینہ ڈویژن کی طرف سے فیڈرل گورنمنٹ آرٹسٹس ویلفیئر فنڈ کے 200 ملین روپے کی بطور سیڈمنی نیشنل بینک آف پاکستان مین برانچ سوک سنٹر اسلام آباد میں سرمایہ کاری کی بھی توثیق کی۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ 2011ءمیں فیڈرل گورنمنٹ آرٹسٹس ویلفیئر فنڈ کے عنوان سے 250 ملین روپے کے سیڈمنی سے فنڈ قائم کیا گیا تھا۔ یہ فنڈ سٹیئرنگ کمیٹی جس کے چیئرمین صدر پاکستان اور ارکان میں آفیشل اور نان آفیشل ممبران شامل ہیں، کے ذریعے چلایا جاتا ہے۔ اجلاس میں صدر مملکت کے سیکرٹری طارق نجیب نجمی، سپیشل سیکرٹری کابینہ ڈویژن صفدر سہیل، سیکرٹری اطلاعات و نشریات اکبر حسین درانی، ایڈیشنل فنانس سیکرٹری ڈاکٹر ارشد محمود نے بطور آفیشل ممبر جبکہ مصباح خالد نے نان آفیشل ممبر کے طور پر شرکت کی۔ اباسین یوسفزئی (خیبرپختونخوا)، سلطان علی الانا (سندھ)، عدیل ہاشمی (پنجاب) اور مسز روشن خورشید بھروچا نے نان آفیشل ممبر کے طور پر ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔