اسلام آباد ۔ 20 فروری (اے پی پی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملکی برآمدات میں اضافہ کو وقت کی اہم ترین ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس ضمن میں حکومت اور نجی شعبہ کو مل کر کام کرنا ہو گا۔ انہوں نے یہ بات فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نومنتخب عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس نے بدھ کو ان سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ ملک کی ترقی میں نجی اور کاروباری شعبہ کو انتہائی اہم کردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات میں اضافہ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، اس ضمن میں حکومت اور نجی شعبہ کو مل کر کام کرنا ہو گا۔ صدر مملکت نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو غیر ملکی سرمایہ کاروں کے ساتھ مشترکہ منصوبوں پر کام کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد کا حالیہ دورہ انتہائی کامیاب رہا، سرمایہ کاری اور کاروباری شعبوں میں کئی مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ نئے دور میں کاروبار کے رجحانات بھی تبدیل ہو رہے ہیں، موجود دور میں اشیاءکی بروقت ترسیل کلیدی حیثیت اختیار کر چکی ہے۔ صدر مملکت نے اس بات پر زور دیا کہ فشریز کے شعبہ میں ترقی کے وسیع امکانات ہیں۔ اس موقع پر وفد نے صدر مملکت کو بتایا کہ سعودی سرمایہ کاروں کے ساتھ ملاقاتیں سود مند اور کامیاب رہیں۔ وفد نے صدر مملکت کو ملکی ترقی میں ہر ممکن کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔